(24نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مستحق افواد کیلئے پورے پاکستان میں کچن ٹرک کا جال بچھائیں گے، پشاور اور فیصل آباد میں پروگرام شروع ہوگیا ہے جس سے مستحق اور پسماندہ طبقہ مستفید ہوگا۔
اتوار کواحساس کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کو لاہور، پشاور اور فیصل آباد تک وسعت دینے کی ورچوئل افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مقصد کے تحت وجود میں آیا تاہم اس راستے پر نہیں چل سکا، آج ہم پر زیادہ قرضے ہیں اور عوام پر پیسہ خرچ کرنے کے لیے محدود وسائل ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اس کے باوجود اللہ کا ہمیں حکم ہے کہ اس راستے پر چلیں تو یہ راستہ قانون کی بالا دستی اور انسانیت کا راستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہماری کلیدی ذمہ داری ہے کہ معاشرے کے کمزور طبقے کی دیکھ بھال کو قبول کریں۔عمران خان نے صوبائی وزرائے اعلیٰ کو ’کوئی بھوکا نہ سوئے‘ کے پروگرام کے آغاز پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ابھی آپ کو اندازہ نہیں کہ یہ کتنا بڑا کام شروع کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ جب ایک ریاست مستحق افراد کے گھر کھانا پہنچانے کی ذمہ داری لے گی اور مستحق افراد دو وقت کی روٹی کھا سکیں گے تو اللہ کی برکت پاکستان پر نازل ہوگی کیونکہ یہ میرا ایمان ہے،دوسرے شہروں سے مزدوری کے لیے آئے مزدوروں کے لیے مزید پناہ گاہ کھولیں گے۔اس موقع پر سیلانی ٹرسٹ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آپ بڑے خوش قسمت لوگ ہیں جو کام آپ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے، جہاں کی عوام سب سے زیادہ خیرات دیتے ہیں۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ شوکت خانم ہسپتال کی تعمیرات کے وقت عوام نے ثابت کردیا اور ان کے تعاون سے آج مریضوں کا مفت علاج ہورہا ہے۔انہوںنے کہاکہ پشاور اور کراچی میں بھی کینسر ہسپتال تعمیر ہورہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شوکت خانم ہسپتال 25 برس قبل فعال ہوا اور اب تک غریب مریضوں کے علاج پر 50 ارب روپے خرچ کرچکا ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ دوسرے شہروں سے مزدوری کے لیے آئے مزدوروں کے لیے مزید پناہ گاہ کھولیں گے۔انہوںنے کہاکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پہلی مرتبہ ہیلتھ انشورنس دے رہے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اگلے مرحلے میں پورے ملک میں ہسپتالوں کا جال بچھائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں پناہ گاہیں کھولی جارہی ہیں، پرائیوٹ ٹرسٹ کے اشتراک کے ساتھ پورے ملک میں لنگر خانے کھول رہے ہیں اور تیسرے مرحلے میں ’فوڈ ٹرک‘ متعارف کرایا ہے تاکہ ان لوگوں تک پہنچ سکیں جو پناہ گاہوں اور لنگر خانے تک نہ پہنچ سکیں۔ثانیہ نشتر نے عطیات کی جمع کرنے اور انہیں خرچ کرنے کے نظام سے متعلق بتایا کہ عطیات کے معاملے میں شفافیت کے لیے غیرمعمولی اقدامات اٹھائے گئے اور ڈونرز کو ایک لاگ ان دیا گیا ہے جس کے تحت وہ دیکھ سکیں گے کہ ان کی دی گئی رقم کس مد میں اور کہاں خرچ ہوئی ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے ایک ساتھ تین شہروں لاہور، پشاور اور فیصل آباد میں پروگرام ’احساس کوئی بھوکا نہ سوئے‘ کا افتتاح کیا۔تقریب میں دونوں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے پروگرام میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں۔ یوسف رضا گیلانی نے اپوزیشن لیڈر سینٹ سے مستعفی ہونے کی پیشکش کر دی
پناہ گاہوں،لنگر خانوں کے بعد۔۔۔اب کچن ٹرک کا جال بچھانے کا اعلان
Apr 11, 2021 | 20:05:PM