(24 نیوز)سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا ،سعودی عرب میں پہلا روزہ 13 اپریل بروز منگل کو ہوگا ۔
تفصیلات کے مطابق سعودی سپریم کورٹ کی جانب سے آج 29 شعبان کو چانددیکھنے کا حکم دیا گیاتھا، رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے حوالے سے کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی ۔
واضح رہے کہ پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس منگل کو طلب کیاگیاہے اس بار رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہو گا۔
ادھروزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ اس سال پورے پاکستان میں ایک ہی دن رمضان المبارک اور ایک ہی دن عید منانے کا اعلان کریں گے۔
حافظ طاہر اشرفی کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک میں کہیں بھی مساجد یا مدارس کی رجسٹریشن منسوخ نہیں کی گئی، حکومت کسی مدرسے یا مسجد پر قبضہ نہیں کر رہی بلکہ آج مدرسہ اور مسجد پہلے سے زیادہ محفوظ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مسجد میں فاصلہ تقریب ہر جگہ موجود ہے، رمضان المبارک میں بھی احتیاطی تدابیر کا خیال رکھا جائے، گزشتہ سال کی کورونا ایس او پیز پر اس بار بھی عمل درآمد ہو گا، عبادت اور احتیاط ساتھ ساتھ ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک کی مساجد اور مدارس میں ایس او پیز پر عمل ہو رہا ہے، پاکستان میں کسی مسجد یا مدرسے کو بند نہیں کیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی کا کہنا تھا کہ رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اس بار پشاور میں ہو رہا ہے، رویت پر اتفاق کے لئے اجلاس پشاور میں بلایا گیا ہے۔