(24 نیوز)سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں ملک کے نئے وزیراعظم کا انتخاب آج ہوگا، قائد ایوان کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے شہباز شریف اور پی ٹی آئی کے شاہ محمود قریشی نے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے ہیں۔
نئے وزیراعظم کا الیکشن آج ہوگا، اس حوالے سے قومی اسمبلی نے نئے وزیراعظم کے انتخاب کا شیڈول جاری کردیا۔وزیراعظم کے امیدوار کیلئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی سیکرٹری قومی اسمبلی نے منظور کرلئے۔سکروٹنی کے عمل میں تحریکِ انصاف نے شہباز شریف کے نیب کیسز کو بنیاد بنا کر اعتراض اٹھایا، جسے سیکرٹری قومی اسمبلی نے مسترد کردیا۔
پی ٹی آئی کے بابر اعوان نے کہا کہ دنیا کا پہلا وزیراعظم ہوگا جو 10 مہینے سے ضمانت پر ہے، جواب میں مسلم لیگ (ن) کے عطا تارڑ بولے شہباز شریف کو کسی بھی مقدمے میں سزا نہیں ہوئی۔اس صورت حال پر سیکرٹری اسمبلی نے کہا کہ وقت ضائع نہیں کریں، محض الزامات پر کیسے نااہل ہوسکتا ہے، سیاسی تقریریں نہیں کریں۔سیکرٹری قومی اسمبلی نے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ کاغذات پر تجویز اور تائید کنندگان کے دستخط بھی درست ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ابھی سے اقتدار کا نشہ چڑھ گیا۔شاہ محمود اوراحسن اقبال جھگڑ پڑے