(ویب ڈیسک) دبئی میں گاڑیوں کی خاص نمبر پلیٹ کی نیلامی میں ایک رجسٹریش پلیٹ جس پر ’’7‘‘ نمبر درج تھا وہ ساڑھے پانچ کروڑ درہم (ڈیڑھ کروڑ ڈالر) کی ریکارڈ قیمت میں فروخت ہوئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق نایاب گاڑیوں کی نمبر پلیٹ اور فون نمبر دبئی میں ایک چیریٹی نیلامی میں فروخت کیے گئے ہیں جن کا مقصد رمضان میں ضرورت مندوں کے لیے ایک ارب فوڈ پیکٹس کی تقسیم ہے۔
متحدہ عرب امارات کے ایک تاجر سعید خوری کے قائم کردہ سابقہ ریکارڈ کو توڑتے ہوئے رجسٹریشن پلیٹ نمبر 7 متحدہ عرب امارات میں سب سے مہنگی بن گئی ہے۔
اس سے قبل ازیں 2008 میں ابوظہبی میں ہونے والی ایک چیریٹی نیلامی میں گاڑی کی رجسٹریشن نمبر پلیٹ جس پر 1 نمبر درج تھاوہ ایک کروڑ 42 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئی تھی۔
مزید پڑھیں: وٹس ایپ کا نیا ’کمپینئن موڈ‘ فیچر کیا ہوگا؟
امارات کی نیوز ایجنسی نے ہفتے کے روز رپورٹ میں کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں ایک وقف فنڈ میں چیریٹی کے طور پر ضرورت مند لوگوں کے لیے ایک ارب درھم (تقریباً 27 کروڑ ڈالر) اکٹھے کرنے کا ہدف ہے۔
رمضان مہم کے طور پر عطیہ جمع کرنے کی مہم میں87 ہزار سے زیادہ حصہ داروں نے نصف رمضان تک تقریبا 14 کروڑ ڈالر کا عطیہ دیا ہے۔
محمد بن راشد المکتوم گلوبل انیشیٹوز فاؤنڈیسن کے سیکرٹری جنرل محمد بن عبداللہ القرقاوی نے بتایا ہے کہ عطیہ دہندگان کی جانب سے 51 کروڑ 40 لاکھ درھم کی بڑی امداد متحدہ عرب امارات کی کمیونٹی میں یکجہتی کی اقدار کے عزم کا ثبوت ہے جو ہماری ثقافت کا لازم جزو ہے۔
محمد القرقاوی نے مزید بتایا ہے کہ یہ کثیر رقم کاروباری اداروں، سرکاری و نجی شعبوں کے علاوہ انفرادی طور پر کمیونٹی کے مختلف طبقات کی جانب سے عطیہ کی گئی ہے جو متحدہ عرب امارات میں فراخدلی کے کلچر کی گواہی دیتی ہے۔
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات میں جاری اس مہم میں اداروں اور افراد کی جانب سے وقف فنڈ میں دیئے جانے والے عطیات کا خیرمقدم کیا جاتا ہے۔