’بابر اعظم ہماری ریڈ لائن‘

Apr 11, 2023 | 14:32:PM

(ویب ڈیسک) پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کی جانب سے قومی ٹیم کی کپتانی کے متعلق بیان پر سوشل میڈیا پر طوفان آگیا اور صارفین نے بابر اعظم کو اپنی ریڈ لائن قرار دے ڈالا۔

پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کے بابر اعظم کی کپتانی سے متعلق ٹویٹ کے بعد بابر اعظم کو تینوں فارمیٹ کا کپتان برقرار رکھنے کی بحث شروع ہوگئی اور سوشل میڈیا پر اس حوالے سے طوفان کھڑا ہوگیا۔

سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے نجم سیٹھی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی حد میں رہیں بابر اعظم ہماری ریڈ لائن ہیں۔

نجم سیٹھی نے گزشتہ روز اپنی ٹویٹ میں کہا تھا کہ بابر اعظم کو تینوں فارمیٹ کا کپتان برقرار رکھنے پر بحث جاری ہے لیکن فیصلہ میری صوابدید پر ہے۔ ابتدائی طور پر شاہد آفریدی اور ہارون رشید کی سلیکشن کمیٹی نے قیادت میں تبدیلی کا مشورہ دیا تھا۔

نجم سیٹھی کے اس بیان پر پہلے تو سابق چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے سربراہ پی سی بی کو کرارا جواب دے ڈالا اس کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے بھی اس معاملے پر ایک طوفان کھڑا کر دیا اور بابر اعظم کے دفاع میں اٹھ کھڑے ہوئے جس کے بعد ٹوئٹر پر ’بابر اعظم ہماری ریڈ لائن اور نجم سیٹھی حد میں رہو‘ ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹاپ ٹرینڈ کرنے لگے۔

صارفین نے کہا کہ سیٹھی اپنے ایجنڈے سے بابر اعظم کو دور رکھیں ورنہ آپ کی سوچ سے بھی زیادہ ردعمل آئے گا۔

ایک صارف نے سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کی بابر اعظم کو گلے لگانے کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ہم عمران خان اور رمیز راجا کی واپسی چاہتے ہیں۔

کئی صارفین نے بابر اعظم کے بیٹنگ ریکارڈ کے اعداد وشمار شیئر کیے تو کسی نے آئی سی سی اعزازات کے ساتھ تصویر شیئر کی اور کہا کہ دنیا کا بہترین بلے باز اور کپتان بابر اعظم ہے۔
کسی صارف نے کہا کہ بابر ہمارا کپتان ہے اور رہے گا، یہی ہمیں ورلڈ کپ جتوائے گا۔

اس سے قبل افغانستان سیریز میں شاداب خان کو کپتان بنانے اور پھر بابر اعظم کے حق میں بیان پر نائب کپتانی سے ہٹانے کی بازگشت پر بھی خوب لے دے ہو چکی ہے۔

واضح رہے کہ نجم سیٹھی پہلے بھی ہر فارمیٹ کا الگ کپتان لانے کا اشارہ دے چکے ہیں۔

مزیدخبریں