(ویب ڈیسک)پاکستانی اداکارہ ارمینا رانا خان کے شوہر فیصل رضا خان نے ٹوئٹر پر (ن) لیگ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے اپنی اہلیہ اور بیٹی کی تصویر پوسٹ کرنے پر پارٹی سے معافی کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ارمینا کے شوہر کے علاوہ اداکار عثمان خالد بٹ اور کئی سوشل میڈیا صارفین نے بھی (ن) لیگ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے اداکارہ کی تصویر ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے،اداکارہ کے شوہر فیصل رضا نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ "(ن) لیگ کی قیادت، آپ اس اکاؤنٹ کے ذمہ دار ہیں، آپ نے میری اہلیہ کو ٹرول کرنے کے لیے میری نوزائیدہ بیٹی کی تصویر پوسٹ کردی، آپ لوگوں نے شرافت کی تمام حدود پار کردی ہیں,میری بیٹی اور مجھے پاکستان کی سیاست میں کوئی دلچسپی نہیں ہے لیکن ایک باپ کی حیثیت سے میں اپنے بچے کی حفاظت کروں گا، اپنے اس عمل پر فوری طور پر معافی مانگیں".تاہم کچھ دیگر افراد نے بھی مذکورہ تصویر فوری ڈیلیٹ کرنے کا کہا ہے۔
خیال رہے یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک حامی کارکن شایان علی نے مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز کی ایک ویڈیو پوسٹ کی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ویڈیو میں خاتون نے سیلفی بنانے کا کہتے ہوئے مریم نواز سے نامناسب گفتگو کی،جس پر اداکارہ ارمینا خان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ "اگر یہ پاکستان میں ہوتا تو سیلفی لینے والی خاتون "غائب" ہو جاتیں، مجھے خوشی ہے کہ ہمارے برطانیہ میں ایسی آزادی ہے جہاں ہم اپنے سیاستدانوں کا محاسبہ کرتے ہیں، اگر آپ برطانوی سرزمین پر رہنے جا رہے ہیں تو یہاں ہمارے اصول ہیں، ہمارے پاس بولنے کی آزادی ہے"۔
ارمینا کی اس ٹوئٹ پر کئی صارفین نے ان پر تنقید کی اور کہا کہ "یہ آزادی اظہار نہیں بلکہ کسی کی تذلیل کرنا اور گھٹیا حرکت ہے"۔