سلمان خان کو قتل کرنے کی دھمکی ،دن بھی طے کر دیا گیا

Apr 11, 2023 | 18:16:PM

(ویب ڈیکس ) بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے مسلمان سپر سٹار  سلمان خان کو قتل کرنے کی دھمکیاں  مسلسل جاری ہیں جبکہ اب دھمکی کیساتھ ساتھ دن بھی بتا دیا گیا ہے کہ انہیں کب قتل کیا جائے گا جس کے بعد بھارتی سیکیورٹی ایجنسیوں کی دوڑیں لگ گئی ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق سلمان خان کو جان سے مارنے کی ایک اور دھمکی موصول ہوئی ہے اور ساتھ میں کہا گیا ہے کہ انہیں 30 اپریل کو قتل کیا جائیگا ، دھمکی آمیز فون کال ممبئی پولیس کو موصول ہوئی جس میں  نامعلوم شخص نے اداکار کو جلد قتل کرنے کی دھمکی دی  ہے۔

بھارتی نیوز ایجنسی کی رپورٹ میں مزید کہاگیا ہے کہ گزشتہ روز ممبئی کے مین پولیس کنٹرول روم میں پولیس کو کال موصول ہوئی جس میں ایک شخص نے کہا کہ وہ سلمان خان کو 30 اپریل کو قتل کر دے گا، رپورٹ کے مطابق اس فون کال کے فوری بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا اور تکنیکی مدد سے فون کال کی جگہ کا پتا لگالیا جس کے مطابق کال ممبئی سے 70 کلومیٹر دور کے ایک علاقے سے کی گئی تھی۔

بھارتی پولیس کے مطابق علاقے میں کارروائی کرکے معلوم ہوا کہ کال 16 سالہ لڑکے نے کی تھی جسے حراست میں لے لیا گیا ہے، لڑکے کا تعلق راجستھان کے شہر جودھپور سے ہے، مزید قانونی کارروائی اور لڑکے کا ارادہ جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کو گزشتہ ماہ ا ی میل کے ذریعے بھی قتل کی دھمکی دی گئی تھی جس کے بعد ان کی سکیورٹی بڑھا دی گئی تھی۔

مزیدخبریں