وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس ڈی سیٹ، نوٹیفیکشن جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمشن نے وزیراعظم سردار تنویر الیاس کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹی فیکشن جاری کر دیا۔ آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے عدلیہ مخالف تقریر کرنے پر پی ٹی آئی کے وزیراعظم کو نااہل قرار دیا تھا۔
دوسری جانب آزاد کشمیر ہائی کورٹ کے تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کو توہین عدالت کیس میں مجرم قرار دیتے ہوئے نا اہل کیا جاتا ہے اور اسمبلی رکنیت بھی ختم کی جاتی ہے۔ تنویر الیاس نے عوامی مقامات پر مسلسل عدلیہ کا وقار مجروح کیا ہے، انہوں نے عدالت کے سامنے غیر مشروط معافی مانگی ہے اس لیے نرم رویہ اختیار کرتے ہوئے آج سے دو سال کے لیے ملزم کو عوامی نمائندگی سے نااہل قرار دیا جاتا ہے۔
تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا کہ سردار تنویر الیاس کو توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ آزاد کشمیر نے بھی آج طلب کر رکھا تھا، ہائی کورٹ کے فیصلہ کے بعد تنویر الیاس سپریم کورٹ آزادکشمیر میں پیش ہوئے تو چیف جسٹس آزاد کشمیر جسٹس سعید اکرم راجہ نے تنویر الیاس کو عدلیہ مخالف بیانات پر سخت اظہار برہمی کا اظہار کیا اور تنویر الیاس کو تحریری جواب کے لئے دو ہفتے کی مہلت دے دی، سردار تنویر الیاس سپریم کورٹ میں ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اگر سردار تنویر الیاس سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہیں اور سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا تو اسمبلی نئے قائد ایوان کا انتخاب کرے گی۔