(ویب ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کی نااہلی کے معاملے پر پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کر لیا۔
زمان پارک میں منعقدہ اجلاس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا جب کہ نئے وزیراعظم آزاد کشمیر کی نامزدگی کے لیے مختلف ناموں اور تنویر الیاس کی نااہلی سے متعلق قانونی معاملات پر مشاورت کی جائے گی۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کا وزیر اعظم ہو یا پاکستان کا، عدالتی فیصلوں کا احترام ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی نظام کو تباہ کر کے ملک نہیں چل سکتے، آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کی نااہلی سے شہباز شریف کو سیکھنا چاہیے۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر ہائیکورٹ نے متنازعہ تقریر کیس میں وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کو قصور وار قرار دے کر عہدے سے ہٹا دیا ہے۔