(ویب ڈیسک) پاکستانی ٹیم کے بھارت جاکر ورلڈ کپ کھیلنے کے معاملے میں بڑی پیشرفت، بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان ون ڈے ورلڈ کپ میں اپنے میچ چنئی اور کولکتہ میں کھیلنے کو ترجیح دے گا۔
بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق رواں برس بھارت میں ہونے والے ایک روزہ عالمی کپ میں پاکستانی ٹیم اپنے میچ چنئی اور کولکتہ کے شہروں میں کھیلنے کو ترجیح دے گی۔
آئی سی سی ذرائع کے مطابق پاکستانی ٹیم کو ماضی میں ان دونوں شہروں میں کھیلتے ہوئے کسی قسم کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوا تھالہٰذا گرین شرٹس کے لیے یہ دونوں شہر ترجیحی وینیو ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی حکام کے مابین اس حساس معاملے پر گفت و شنید کا سلسلہ جاری ہے ۔
آئی سی سی کے اہم ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ اگرچہ بیشتر انحصار بی سی سی آئی اور بھارتی حکومت پر ہے لیکن اگر موقع دیا گیا تو پاکستان اپنے زیادہ تر ورلڈ کپ میچز کولکتہ اور چنئی میں کھیلنا چاہے گا۔یاد رہے کہ اس مرتبہ ون ڈے ورلڈ کپ کا میزبان بھارت ہے ۔