(ویب ڈیسک) گورنر بلوچستان عبدالولی کاکڑ نے آج چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے گورنر بلوچستان کو آفات کے فعال تدارک اور انتظام کے لیے نئے تشکیل شدہ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (NEOC) کے بارے میں آگاہ کیا، چیئرمین نے این ڈی ایم اے کی زیر سرپرستی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزاسٹر مینجمنٹ (این آئی ڈی ایم)کے منصوبوں کے بارے میں بھی تفصیلات سے آگاہ کیا، جس کا بنیادی مقصد آفات سے نمٹنے کے لیے خطے کی درسگاہوں کو پاکستانی تعلیمی اداروں سے جوڑنا ہے تاکہ تعلیم و تحقیق کے ذریعے قدرتی آفات کے بارے میں نہ صرف متعلقہ علاقوں کے افراد میں آگاہی پھیلائی جاسکے بلکہ اس علاقے کی ضروریات کو بھی جانچا جاسکے، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور تخفیف کے حوالے سےعلمی تحقیق و تبادلے کو ممکن بنایا جا سکے۔
لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے صوبائی اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کی صلاحیت بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور ساتھ ہی کسی بھی قسم کی آفت سے نمٹنے کیلئے مقامی افراد میں آگاہی و شعور پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا.
گورنر بلوچستان نے بحیثیت قومی ادارہ این ڈی ایم اے کے کردار کو سراہا اور ترکیہ و شام کیلئے کئے جانے والے حالیہ ریسکیو اور ریلیف آپریشن کو مؤثر انداز میں پائیہ تکمیل تک پہنچانے پر مبارکباد دی، انہوں نے این آئی ڈی ایم ،یونیورسٹی آف بلوچستان اور دیگر متعلقہ محکموں کے مابین تعاون کو آسان بنانے کے لیے مکمل مدد کی یقین دہانی بھی کرائی۔