(24نیوز) ملک بھر میں عید الفطر کا دوسرا روز بھی مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے. میٹھی عید کے دوسرے دن کو بھی شہریوں نے بھرپور طریقے سے منانے کا پلان بنا لیا، کہیں سیر سپاٹے تو کہیں دعوتوں کے دوران ہلے گلے کا پروگرام ہے جبکہ کسی بھی نا خشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے آج بھی اہم مقامات پرسیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
کل کے میزبان آج کے مہمان بنیں گے، گھروں میں لذیذ پکوان بنیں گے، مزے مزے کی ڈشوں سے مہمانوں کی تواضع ہوگی۔ بچوں نے کل بھی خوب سیر سپاٹے کئے، آج بھی موج مستی کریں گے، پارکوں میں بھی جھولوں سے لطف اندوز ہونگے۔ عید ہے تو دوستوں کے ساتھ پارٹی تو بنتی ہے، نوجوان مل جل کر فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس کا رخ کریں گے اور گپ شپ لڑا کر من ہلکا کریں گے، شام کو سینما گھروں کا ٹائم سیٹ بھی کر لیا ہے۔
خواتین کا بھی اپنی سہیلیوں کے ساتھ گھومنے کا پروگرام ہے، بڑے بزرگ بھی اپنی منڈلیاں لگائے بیٹھے ہیں اور اپنی دلچسپیوں میں مگن ہیں۔
عید الفطر کا دوسرا روز بھی عقیدت واحترام سے منایا جارہا ہے جب کہ ملک بھر کے تفریحی مقامات پر عوام کا رش دیکھنے میں آرہا ہے جب کہ کسی بھی ناخشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: وفاقی دارالحکومت میں تیز ہوا و گرج چمک کیساتھ بارش
عید کے پہلے روز ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں عید الفطر کی نماز کے اجتماعات ہوئے۔ لاکھوں مساجد، عید گاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید ادا کی گئی۔ نماز کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اوردہشت گردی کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی اور مسلم ممالک میں جاری فتنہ و فساد کے خاتمے کے لئے بھی اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا کی گئی۔ آج عید کے دوسرے روز لوگوں گھروں میں مہمانوں اور دوستوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جب کہ بچے پارکوں میں جھولوں اور دیگر تفریحی ذریعوں سے عید کے مزے کو دوبالا کررہے ہیں۔