بھارت اور نیپال میں شدید بارشیں، 100 افراد ہلاک

Apr 11, 2025 | 12:58:PM

(ویب ڈیسک)بھارت اور نیپال کے کچھ حصوں میں شدید بارشوں کے باعث بدھ سے اب تک تقریباً 100 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ محکمہ موسمیات نے خطے میں مزید غیر موسمی بارشوں کی پیشگوئی کردی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے بدھ کے روز ملک کیلئے ایک بڑے خطرے کی وارننگ جاری کی تھی، جس میں مغربی حصوں میں ہیٹ ویو کی صورتحال اور مشرقی و وسطی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی ہواؤں و بارشوں کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ مشرقی ریاست بہار میں بدھ سے اب تک بارش سے متعلقہ واقعات میں کم از کم 64 افراد ہلاک ہوچکے ہیں،مقامی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ بھارت کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست اتر پردیش میں بھی بارش سے متعلقہ حادثات میں 20 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے حکام نے بتایا کہ دوسری جانب پڑوسی ملک نیپال میں آسمانی بجلی گرنے اور شدید بارش سے کم از کم 8 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

بھارت کے محکمہ موسمیات نے ہفتے تک ملک کے وسطی اور مشرقی حصے میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ تیز بارش کی توقع ظاہر کی ہے۔

مزیدخبریں