تمنا بھاٹیہ نئے آئٹم سانگ کے سبب ٹرولنگ کی زد میں آگئیں

Stay tuned with 24 News HD Android App

(24 نیوز)بالی وڈ کے ڈارک اینڈ ہینڈسم اداکار اجے دیوگن کی اپکمنگ فلم 'ریڈ 2' کے میکرز نے حال ہی میں فلم کا پہلا گانا 'نشہ' جاری کیا جس نے اپلوڈ ہونے سے پہلے ہی سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔
گانے میں بھارتی فلم انڈسٹری کی دلکش اداکارہ تمنا بھاٹیہ کو ایک گلیمرس، ہائی انرجی اوتار میں دیکھا جا سکتا ہے جس کی بدولت اداکارہ کے مداحوں کی جانب سے گانے کو ممکنہ چارٹ بسٹر قرار دیا جا رہا ہے۔
لیکن جہاں مداح تمنا کی اداؤں اور گانے میں ان کی حیرت انگیز توانائی کی تعریف کررہے ہیں وہیں دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین اداکارہ کے اس گانے کا 'استری 2' فلم میں اُن کے ہی ایک اور گانے 'آج کی رات' سے موازنہ کرنے سے بھی باز نہ رہ سکے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے سانگ 'نشہ' میں اداکارہ تمنا بھاٹیہ کے سنہرے رنگ کے چمکدار لباس اور مدھم سیٹ لائٹنگ سے لے کر کوریوگرافی اور بیک گراؤنڈ ڈانسرز تک سوشل میڈیا صارفین نے دونوں گانوں کے درمیان واضح مشابہت کی نشاندہی کی۔
ویڈیو پر کمنٹ کرتے ہوئے کچھ صارفین نے تو یہ دعویٰ بھی کیا کہ 'نشہ' 'آج کی رات' کا ریمکس یا ری میک جیسا لگتا ہے جس کے ساتھ ہی چند نیٹیزنز نے مماثلت کو اجاگر کرنے کے لیے ساتھ اسکرین شاٹس بھی شیئر کیے۔ گانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ وہی آج کی رات کا ڈانس، وہی چالیں، وہی لباس کا انداز، اب بار بار یہی ہوگا۔
ایک اور صارف نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ پہلے آج کی رات اب نشہ، دونوں میں کوئی فرق نہیں نظر آ رہا۔ایک ناراض مداح نے گانے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ گانا استری کے سانگ آج کی رات کے 2.0 ورژن جیسا لگ رہا ہے جسے دیکھ کر انتہائی مایوسی ہوئی ہے۔
جبکہ ایک صارف نے اپنے کمنٹ میں اداکارہ تمنا بھاٹیہ کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ یہ گانا آج کی رات جیسا لگ رہا ہے، کیا تمنا اب صرف ایسے ہی گانوں میں کام کریں گی؟ کچھ تو نیا کریں۔آن لائن ٹرولنگ کے باوجود بھی سانگ نشہ میں اداکارہ تمنا بھاٹیہ کی پرفارمنس کو ان کی زبردست اسکرین اپیرئنس اور اینرجیٹک ڈانس مووز کے لیے سراہا جا رہا ہے۔
جسمین سینڈلاس، سچیت ٹنڈن اور دیویا کمار کی آوازیں اور جانی کے پُرجوش بول ایک ساتھ مل کر اس گانے کی اپیل میں اضافہ کرتے ہیں جس کے ساتھ وائٹ نوائز کلیکٹیو کے کمپوز کردہ اس گانے میں دھماکے دار دھنیں اور پارٹی وائبز ہیں جو اسے آسانی سے اس سال کے مقبول گانوں میں سے ایک بنا سکتی ہے۔ چاہے نشہ استری 2 کے گانے سے بہت زیادہ متاثر ہو یا نہ ہو ایک بات واضح ہے کہ تمنا بھاٹیہ نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنی دلکشی سے اسکرین پر راج کر سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ فلم ریڈ 2 میں اداکار اجے دیوگن کے ساتھ رتیش دیشمکھ اور وانی کپور بھی شامل ہیں۔راج کمار گپتا کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم یکم مئی 2025 کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔