اپوزیشن جو مرضی کرلے۔ عمران ٹکا کر 5 سال پورے کریگا۔شیخ رشید

Aug 11, 2021 | 19:47:PM

 (24نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان کی فورسز سرحد پر چوکس ہیں، ملک کے اندر خلفشار انتشار پیدا کرنے کی سازش کی جارہی ہے جس کی وجہ سے دہشت گردی کے واقعات کا خطرہ ہے ۔ اپنی سرزمین کسی کو دیں گے نہ کسی کو مداخلت کرنے دیں گے۔
 بدھ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ آج افغانستان کے صوبہ قندھار کے قائم مقام گورنر نے افغانستان سے چمن بارڈر کھول دیا ہے اور ہماری جانب سے بھی ٹریفک چلنا شروع ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے پروٹوکولز پر عمل کرتے ہوئے شناختی کارڈ پر لوگ وہاں سے گزریں گے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ راولپنڈی کو کورونا کے سلسلے میں جمعہ اور اتوار کی چھٹی قبول نہیں ہے لہٰذا پہلے کی طرح جمعہ اور ہفتہ کی چھٹی کے لئے این سی او سی کے سربراہ اسد عمر سے بات کی ہے۔
انہوںنے کہاکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں کووِڈ 19 کے کیسز بڑھ رہے ہیں اس لیے ہمیں بہت سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا جو دل کرتا ہے وہ کرلے، میں اپوزیشن کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہاتھ آسمان پر لے جؤ، پاؤں زمین پر لے آؤ، خلا میں لٹکو لیکن عمران خان ٹکا کر 5 سال کی مدت مکمل کرے گا۔وزیر داخلہ نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ آئین اور جمہوریت کے دائرے میں رہتے ہوئے جو سرگرمی کرنا چاہیں اس کی اجازت ہے۔ میرا مفت مشورہ ان کے لئے یہ ہے کہ اس خطے میں بین الاقوامی سیاست ہونے جارہی ہے یہاں مقامی سیاست کی گنجائش نہیں ہے، بات جلسے جلوسوں سے آگے بڑھنے والی ہے۔
شیخ رشید نے ایک سوال کے جواب میںکہ بلاول بھٹو جس دن سے پیدا ہوا وہ عدم اعتماد پر چل رہا ہے اسے کچھ سمجھ ہی نہیں آرہی۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ تو کہہ رہے تھے کہ گزشتہ دسمبر میں حکومت چلی جائے گی لیکن اگلے دسمبر میں بھی آپ آئیں گے اور اگلے بجٹ میں بھی عمران خان کو پائیں گے۔لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی جمع کروائی گئی میڈیکل رپورٹ کے بارے میں وزیر داخلہ نے کہا کہ میری جانب سے نواز شریف فارغ ہے باقی مجھے علم نہیں کہ عدالت کیا فیصلہ کرتی ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسلحہ لائسنس کی اجازت ملنے کے بعد کسی غلط فہمی کا شکار نہ ہوں جائیں یہ پچھلا دور نہیں ہے کہ ایک لاکھ ممنوعہ اسلحہ جاری ہوگیا، اس میں قواعد و ضوابط، ٹیکس کی ادائیگی اور افراد کے معیار کو دیکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو کلاشنکوف چاہئے جب تک میں وزیر داخلہ ہوں صرف میرٹ پر کلاشنکوف کی اجازت دوں گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے نادرا سے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لینے کے لئے روزانہ 2 لاکھ افراد آرہے ہیں میری درخواست ہے کہ ایک لاکھ افراد آئیں۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت وزیر داخلہ میرے پاس بارڈر مینجمنٹ ہے، بارڈر سے کوئی مہاجر نہیں آرہا، سب صورتحال ٹھیک ہے۔انہوںنے کہاکہ نواز شریف بھی 16 فروری کے بعد سے فارغ ہو چکے ہیں، ان کاپاسپورٹ کینسل ہوچکا ہے،شہباز شریف نے ای سی ایل سے ان کا نام نکالنے کی اپیل بھی نہیں کی۔ 
 یہ بھی پڑھیں۔راج کندرا کی ضمانت پر بیرون ملک فرا ر کا خدشہ

مزیدخبریں