(24 نیوز)پاکستان ڈیموکریٹک (پی ڈی ایم )کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ ہم سے زیادہ پاکستان کا کوئی وفادار نہیں ، ملک کے چاچے مامے بننے والے اپنے گھروں پر رہیں ،تمام ادارے آئین میں رہتے ہوئے ذمہ داریاں نبھائیں ۔
پی ڈی ایم رہنماﺅں کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ افغان مسئلہ کا حل سیاسی ہے،پی ڈی ایم کے قائدین نے تفصیل سے حالات کا جائزہ لیا،اجلاس میں داخلی و خارجہ امور کا جائزہ لیاگیا،پارلیمنٹ میں موجود اپوزیشن کو حالات سے آگاہ کرکے اعتماد میں لیاجائے،اجلاس میں ملک میں مہنگائی کی شدید ترین مذمت کی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ عوام کے جسم سے خون کا آخری قطرہ بھی نچوڑا جا رہا ہے،پی ڈی ایم نے اگلے اقدامات کا شیڈول دیا ہے،21 اگست کو اسلام آباد میں سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوگا،آج کی تجاویز پر تمام جماعتیں مشاورت کے بعد اکٹھی ہوں گی،28 اگست بروز ہفتہ کراچی میں سربراہی اجلاس ہوگا، سٹیرنگ کمیٹی کی تجاویز پر غور اورفیصلے کئے جائیں گے،29 اگست کو کراچی میں عظیم الشان جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔
سربراہی پی ڈی ایم نے کہاکہ ملک میں آئینی حکمرانی کا بحران ہے، میڈیا پر قدغن اور صحافیوں پر حملے ہو رہے ہیں،ان تمام اقدامات کا سخت الفاظ میں نوٹس لیاگیا اور مذمت کی گئی ۔
مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ حکومت نے انتخابی اصلاحات اورکسی مشین کی بھی بات کی ہے ، سنا ہے کہ مشیں دھاندلی کرنے کا آسان ترین طریقہ ہے،یک طرفہ انتخابی اصلاحات اور اس طرح کے اقدامات کو مسترد کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کے نتائج کو بھی پی ڈی ایم نے مسترد کردیا ہے،ہم سمجھتے ہیں ملک پر الیکشن چور سلیکٹڈحکومت ملوث ہے ہم ان کی ہر طرح کی قانون سازی کو مسترد کرتے ہیں ،انہوں نے کہاآفتاب شیرپاﺅ کو پی ڈی ایم کا سینئر نائب صدر چن لیاگیا ہے، پی ڈی ایم اپنی تمام تر توانائیاں آزاداورشفاف انتخابات کے انعقاد پر خرچ کرےگی ۔
یہ بھی پڑھیں: کسانوں کی کمائی دوگنا کرنا ہمارا ویژن ہے ۔۔ وزیراعظم عمران خان