سعودی عرب میں کرپشن کے خلاف کریک ڈاﺅن ۔۔207 افراد گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں ایک بار پھر کرپشن کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاﺅن میں 207لوگوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
سعودی عرب کے انسداد بدعنوانی کمیشن ’نزاھہ‘ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کرپشن کے الزام میں 207افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں کچھ مقامی اور کچھ غیرملکی ہیں۔
ان میں سعودی عرب کی 11وزارتوں کے ملازمین بھی شامل ہیں جن پر انتظامی و فوج داری نوعیت کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
کمیشن کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ شہریوں اور مختلف اداروں کے تعاون سے کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیموں نے ذی الحج کے دوران 878دورے کئے۔ اس دوران 461ملازمین سے پوچھ گچھ کی گئی اور ان میں سے 207کو حراست میں لیا گیا۔ جن وزارتوں اور شعبوں کے ملازمین کو گرفتار کیا گیا ہے ان میں وزارت دفاع، وزارت داخلہ، نیشنل گارڈز، محکمہ صحت، انصاف، دیہی امور، ہاﺅسنگ، ماحولیات، پانی و زراعت، تعلیم، تجارعت، انسانی وسائل، سماجی ترقی اور وزارت اطلاعات شامل ہیں۔
کمیشن کے مطابق گرفتار ملزموںکے خلاف رشوت کی وصولی، عہدے کا ناجائز استعمال، اختیارات کا غیرقانونی استعمال، دھوکہ دہی اور دیگر جرائم کے الزامات ہیں۔
واضح رہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی کرپشن کے خلاف مہم کا آغاز 2017میں ہوا تھا جب انہوں نے شاہی خاندان کے درجنوں افراد سمیت سینکڑوں امرا کو گرفتار کرکے ایک ہوٹل کو جیل میں بدل کر انہیں وہاں قید کر دیا تھا۔
ایک اندازے کے مطابق کرپشن کے خلاف اس مہم میں اب تک سعودی حکومت 106ارب ڈالر کی خطیر رقم مختلف لوگوں سے نکلوا چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سرکاری تعلیمی اداروں کے اوقات کار تبدیل