(24 نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے پی ڈی ایم کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ پی ڈی ایم کے مردہ گھوڑے کو زندہ کرنے کا مقصد نواز شریف کو مقدمات میں ریلیف دلانا ہے۔
فوادچودھری کاکہناتھا کہ ایک طرف برطانیہ میں نواز شریف کے ویزے میں توسیع نہیں ہو رہی تو دوسری جانب پی ڈی ایم ایک بار پھر اپنے مردہ گھوڑے میں جان ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے، اس کا کیا مقصد ہے؟،انہوں نے کہاکہ امید تھی کہ شہباز شریف بطور ضمانتی نواز شریف کی وطن واپسی کو بھی پی ڈی ایم کے ایجنڈے پر رکھتے جس کی انہوں نے عدالتوں میں گارنٹی دے رکھی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ پی ڈی ایم پٹے ہوئے مہروں کی بیٹھک بن گئی ہے، مولانا صاحب اور شہباز شریف مل کر انجمن متاثرین بنالیں۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم پہلی بار جب احتجاج کےلئے نکلی تو تقسیم ہوئی، پھر حکومت کا استعفیٰ لینے نکلی تو اے این پی اور پی پی پی نے پی ڈی ایم سے استعفے دیئے،اب پی ڈی ایم کی تحریک کا انجام مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر کے استعفوں کی صورت میں ہوگا۔
فوادچودھری نے کہاکہ اپوزیشن کی بے کار نشستوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستان کے عوام کی عمران خان سے وابستگی مزید مضبوط اور گہری ہوتی جا رہی ہے کیونکہ وہ عمران خان کو کامیاب و کامران دیکھنا چاہتے ہیں۔ان کاکہناتھا کہ وزیراعظم عمران خان نے مسلسل محنت ، ثابت قدمی اور شاندار حکمت عملی کے نتیجے میں ملک کی معاشی تنزلی کے رخ کو تبدیل کردیا ہے،عام آدمی کو ریلیف دینا ان کی پہلی ترجیح ہے، آنے والے ماہ و سال ملکی ترقی اور عوامی خوشحالی کے ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: 28 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا