(24 نیوز ویب ڈیسک )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کااقلیتوں کے قومی دن پر پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ غیرمسلم شہری بھی ملک کے برابر کے شہری ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق بلاول کا کہنا ہے کہ 1973 کا آئین تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق کی ضمانت دیتا ہے،1947 میں اسی دن قائداعظم نے اپنی مشہورِ زمانہ تقریر کی تھی،اس تقریر میں قائد نے کہا تھا کہ پاکستان کی نئی ریاست میں اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہوں گے۔ہم غیر مسلموں کے متعلق قائداعظم کی تقریر کے ہر ایک لفظ پر قائم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتہا پسندی ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے، جس کا سدباب بھی عالمی برادری کے فراخدلانہ و بے لوث تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔آئین کی رو سے پاکستان میں مذہب اور عقیدے کی بنیاد پر کسی طرح کے امتیازی سلوک کی کوئی گنجائش نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ نظریہ پاکستان کی حقیقی و واحد وارث پاکستان پیپلز پارٹی ہے۔نظریہ پاکستان کی اساس مذہبی آزادی، مساوات اور سماجی انصاف ہےحکومت پاکستان تمام شہریوں کو برابر سمجھتی ہے۔