(24 نیوز)اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے شہباز گل کی لیگل ٹیم کی ملاقات کی درخواست مسترد کردی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی لیگل ٹیم کی ملاقات کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی، جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے درخواست کی سماعت کی ۔
وکیل فیصل چودھری نے استدعاکرتے ہوئے کہاکہ لیگل ٹیم شہباز گل سے ملاقات کرنا چاہتی ہے،لہٰذا اجازت دی جائے ،پراسیکیوٹر رانا حسن عباس نے شہباز گل سے آج ملاقات کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ کل شہباز گل کو عدالت میں پیش کرنا ہے،صبح ہی لیگل ٹیم شہباز گل سے ملاقات کرلے کیونکہ پولیس ملزم سے تفتیش کر رہی ہے ۔
پراسیکیوٹر رانا حسن عباس نے مزید کہاکہ صرف 2 دن کا ریمانڈ ہے اور لیگل ٹیم نے ملاقات کی کوئی خاص وجہ بھی نہیں بتائی،گزشتہ سماعت پر عدالت نے شہباز گل کے میڈیکل کا حکم دیا تھا ، اس کی رپورٹ صبح پیش ہو جائے گی ،عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملاقات کی درخواست مسترد کردی۔
یہ بھی پڑھیںؒ پشاور ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو اسد قیصر کیخلاف انکوائری سے روک دیا