13 سے 16 اگست تک پنجاب میں شدید بارشوں کی پیشگوئی

Aug 11, 2023 | 10:16:AM

(کومل اسلم) کہیں بادل تو کہیں دھوپ کی  تپش، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ 

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 13 سے 16 اگست  تک شدید بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے، پی ڈی ایم اےترجمان کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ صوبے میں 13 سے 16 اگست تک مون سون بارشوں کے امکانات ہیں،سیالکوٹ، نارووال، شکرگڑھ، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاؤالدین میں تیز بارش کے امکانات ہیں جبکہ راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، مری اور گلیات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب دریاؤں کی صورتحال پر ترجمان کی جانب سے بتایا گیا کہ پنجاب کے دریائے چناب، راوی، جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے،دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے اور تربیلا اور منگلا ڈیم 95 فیصد پانی سے بھر چکے ہیں۔

صوبائی دارالحکومت لاہور کی بات کی جائے تو موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش متوقع نہیں ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا ہے۔  فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 128ریکارڈ کی گئی ہے۔ فیز ایٹ ڈی ایچ اے 135، مال روڈ پر آلودگی کی شرح 110ریکارڈ، یو ایس قونصلیٹ 124، جوہر ٹاؤن میں آلودگی کی شرح 98 ریکارڈکی گئی ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں بعض مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اس کے علاوہ ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں آندھی/گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے، جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ 

مزید پڑھیں:ؒنگران وزیر اعظم کا نام اب تک فائنل کیوں نہ ہو سکا؟تہلکہ خیز  انکشافات

ادھر بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم سندھ کے بیشتر اضلاع میں آندھی گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے ،ساحلی علاقوں میں بوندا باندی ہلکی بارش کی بھی توقع ہے ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کشمیر میں چند مقامات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے ، گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ 

مزیدخبریں