نگران وزیراعظم کا فیصلہ آج رات یا کل تک ہو جائے گا، میاں شہباز شریف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کا فیصلہ آج رات یا کل تک ہو جائے گا۔
صحافیوں سے غیررسمی بات چیت کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ 16 ماہ کی حکومت مشکل ترین حکومت تھی، سابق حکومت نے معیشت کے ساتھ خارجہ تعلقات کوبھی نقصان پہنچایا، امریکہ کے ساتھ گزشتہ دورمیں تقریباً تعلقات ختم ہو چکے تھے، اب تعلقات بہتری کی طرف آئے ہیں۔
وزیر اعظم نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انسان وہ کام کرے جس کے نتائج وہ برداشت کرسکے، دو دن میں سائفر کی حقیقت کھل کر سامنے آگئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سول اور عسکری قیادت نے ملک کو ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے، اتحادی حکومت نے جس طرح ملکر مشکل حالات سے ملک کو نکالا قابل تعریف ہے۔
یہ بھی پڑھیے: نگران وزیراعظم کا تقرر ،صدر علوی کی وزیرِ اعظم اور اپوزیشن لیڈر کو کل تک نام تجویز کرنے کی ہدایت
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کو کس بات کی جلدی ہے جو خط لکھ دیا، خط لکھنے سے قبل صدر مملکت کو آئین پڑھ لینا چاہیئے تھا، میرے پورے 8 دن ابھی باقی ہیں، صدر مملکت آئین پڑھیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم کی تقرری تک میں وزیراعظم ہوں، تین دن میں فیصلہ نہ ہوا تو پارلیمانی کمیٹی تین دن میں فیصلہ کرے گی اور اگر پارلیمانی کمیٹی بھی فیصلہ نہ کرسکی تو الیکشن کمیشن معاملہ دیکھے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج رات اتحادیوں سے مشاورت کروں گا، تمام اتحادیوں کو مشاورت کیلئے آج بلایا ہے۔