(شکیل سلطان) اولمپکس میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم اپنے آبائی علاقے میاں چنوں پہنچ گئے جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔استقبال کرنے والوں نے ڈھول کی تھاپ پر روایتی رقص کیا جبکہ فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی ۔
قومی ہیرو قافلے کی صورت میں آبائی علاقے پہنچے، میاں چنوں بائی پاس پر ارشد ندیم کے دوستوں اور اہلخانہ نے ان کا استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، عوام کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔
اس موقع پر گولڈمیڈلسٹ ارشدندیم نے میاں چنوں پہنچنے پر 24 نیوزسے گفتگو کرتےہوئے کہاکہ وہ شاندار استقبال پر حکومت اور عوام کے مشکور ہیں، انہوں نے عزم کا اظہار کیاکہ وہ مستقبل میں بھی ایسے ہی ملک کا نام روشن کرتےرہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میاں چنوں کا شکریہ ادا کروں گا اس کے ساتھ پورے ملک کی عوام کو شکرگزار ہوں، اسی طرح مجھے عزت اور پیار ملتا رہے گا تو انشااللہ ایسے ہی ملک کا نام روشن کرتا رہوں گا، میں نے محںت بھی اپنے ملک اور قوم کے لئے کی ہے،14 اگست آرہی ہے ہم میڈٖل کے ساتھ مل کرجشن آزادی منائیں گے۔
آبائی علاقے پہنچنے پر قومی ہیرو کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے جبکہ ڈھول کی تھاپ پر رقص اور آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں، شہر کے داخلی راستوں پر ویلکم ارشد ندیم کے پوسٹر بھی آویزاں کئے گئے تھے۔میاں چنوں پہنچنے پر مداحوں کی جانب سے ارشد ندیم زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔
یاد رہے کہ قومی ہیرو ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس کے نیزہ بازی مقابلے میں 92.97 میٹر کی ریکارڈ تھرو کرکے سونے کا تمغہ جیتا تھا۔