حکومت گراؤ مشن،استعفوں کا سلسلہ جاری،ن لیگ کی ہاف سنچری

Dec 11, 2020 | 10:34:AM

(24نیوز)ن لیگ کی جانب سے  باقاعدہ ڈیمانڈ سے قبل ہی  استعفوں کے انبار لگ گئے۔لاہور،شیخوپورہ اور ساہیوال سے مزید اراکین  قومی وصوبائی اسمبلی نے اپنے استعفے قیادت کو بھجوادئیے ہیں۔ 

 حکومت پر پریشر بڑھانے کیلئے  مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پارٹی قیادت کو استعفے جمع کروانے کا سلسلہ جاری ہے ،اب تک تقریباً50 کے قریب ن لیگی اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے اپنے استعفے قیادت کو بھجوادئیےہیں جبکہ پیپلزپارٹی کے 3اراکین اسمبلی نے بھی اپنے استعفے جمع کروادئیے ہیں۔

سینئر پارلیمانی رکن تہمینہ دولتانہ کے صاحبزادے میاں عرفان عقیل نے بھی استعفیٰ دے دیا ہے، عرفان عقیل پی پی 231 وہاڑی سے منتخب ہوئے تھے ، اوکاڑہ سے سینئر سیاستدان مرحوم چودھری اکرام الحق کے بیٹے چودھری منیب الحق نے بھی اپنا استعفیٰ جمع کرادیا، وہ پی پی 189 اوکاڑہ سے انتخاب جیتے تھے ۔ نوازلیگ سے تعلق رکھنے والے ضلع شیخوپورہ کے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی نے بھی اپنے استعفے پارٹی قیادت کو بھجوائے دئیے ہیں تاہم ان میں میاں جلیل احمد شرقپوری کا نام شامل نہیں ،ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اپنا استعفیٰ مریم نواز کو خود پیش کریں گے ۔

دوسری جانب چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین کی زیر صدارت ن لیگ کے ارکان اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں رانا تنویر حسین کا اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر انہوں نے پی ڈی ایم کے اجلاس میں ہونیوالے استعفوں کے فیصلوں پر عمل کرتے ہوئے اپنے اپنے استعفے پارٹی قیادت کو بھجوادئیے ہیں۔ساہیوال کے پانچوں ممبران صوبائی اسمبلی نے بھی اپنے استعفے پارٹی قیادت کو جمع کروا دئیے ۔ استعفے دینے والوں میں سابق صوبائی وزیر ملک ندیم کامران، ملک محمد ارشد، خضر حیات شاہ کھگہ،رانا ریاض احمد اور نوید اسلم خان لودھی بھی شامل ہیں۔

 گزشتہ روز سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے رہنماؤں کو استعفوں پر بات کرنے سے روک دیا ہے جبکہ مریم نواز نے کہا تھا کہ ابھی تک ہم نے اپنے اراکین کو باقاعدہ استعفے دینے کا نہیں کہا  پھر بھی میرے پاس استعفوں کے انبار لگ گئے ہیں۔

مزیدخبریں