مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ وفاقی وزیر بن گئے

Dec 11, 2020 | 12:00:PM
مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ وفاقی وزیر بن گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے وفاقی وزیر  کے عہدےکا حلف اٹھالیا ۔ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب منعقد کی گئی۔عبدالرزاق داؤد،ڈاکٹر عشرت حسین اور ڈاکٹر فیصل سلطان کو بھی وفاقی وزیر بنائے جانے کا امکان ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق  ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں صدر مملکت عارف علوی نے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں  سیاسی اورعسکری حکام نے شرکت کی۔

21ممالک میں ماہر معاشیات کے طور پر خدمات سر انجام دینےوالے حفیظ شیخ معاشی پالیسی سازی میں 30برس سے زائد کا تجربہ رکھتے ہیں۔انہوں نے امریکا کی بوسٹن یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی اور ہارورڈ یونیورسٹی میں پروفیسر رہے۔ 2000سے 2002کے دوران سندھ کی صوبائی حکومت میں وزیر خزانہ و منصوبہ بندی رہے۔ 2003سے 2006 تک وفاقی وزیر نجکاری اور سرمایہ کاری کےفرائض انجام دیئے۔انہوں نے پیپلز پار ٹی کے دور میں 2010سے 2013کے دوران وفاقی وزیر خزانہ کے طور پر خدمات بھی سرانجام دیں۔

وزیراعظم  عمران خان نے عبدالحفیظ شیخ کے بعد مزید 2مشیروں اور ایک معاون خصوصی کو وفاقی وزیر بنانے کی تجویز پر غور شروع کردیا ہے۔ مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین،مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کو 6 ماہ کے لیے وفاقی وزیر بنایا جاسکتا ہے۔

   ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد کسی آئینی بحران سے بچنے کیلئے عمران خان نے آئین کے آرٹیکل 91 کی شق 6 کے تحت خصوصی اختیار کا استعمال کرسکتےہیں، جس کے تحت کسی غیر منتخب شخص کو 6 ماہ کے لیے وفاقی وزیرمقرر کیا جاسکتا ہے۔دوسری جانب عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد اور ڈاکٹر فیصل سلطان کو مارچ 2021 میں سینیٹر بنائے جانے کا بھی امکان ہے، سینیٹر منتخب ہونے کے بعد تینوں مشیر وں کے وفاقی وزیر بننے میں حائل تمام رکاوٹیں دور ہوجائیں گی۔