(24نیوز)وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر کابینہ میں ردو بدل کرتے ہوئے متعدد وفاقی وزرا کے قلمدان تبدیل کردئیے ہیں۔شیخ رشید اب اپنی من پسند وزارت داخلہ کا چارج سنبھالیں گے،اعجاز شاہ انسداد منشیات کے وزیر ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر شیخ رشید کو وزارت ریلوے سے ہٹا کر وزارت داخلہ کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔ اب اعظم خان سواتی شیخ رشید کی جگہ وزارت ریلوے کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے،جبکہ سابق وزیر داخلہ بریگیڈیئر(ر)اعجاز احمد شاہ کو نارکوٹس کنٹرول کا وزیر مقرر کیا گیا ہے۔کابینہ ڈویژن کی جانب سے وزارتوں میں ردو بدل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب آج ہی وفاقی وزیر کا حلف اٹھانے والے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو صدر مملکت نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر وزیر خزانہ کا قلمدان سونپ دیا ہے جبکہ ان سے ریونیو کا قلمدان واپس لے لیا گیا ہے۔
ادھروزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی تازہ ترین سیاسی اور معاشی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کوکابینہ میں ہونے والی حالیہ تبدیلیوں پر اعتماد میں لیا اور آنے والے دنوں میں مزید اکھاڑ پچھاڑ کا اشارہ بھی دے دیا۔
وزیراعظم عمران خان سے شیخ رشید اور اعجاز شاہ کی خصوصی ملاقات بھی ہوئی۔سربراہ عوامی مسلم لیگ نے وزیر داخلہ کی ذمہ داریاں سونپنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں اپوزیشن کے جلسے ،استعفے اور لانگ مارچ پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔عمران خان نے شیخ رشید کو پی ڈی ایم کی تحریک سے نمٹنے کا ٹاسک بھی سونپا۔اس موقع پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وہ انتہائی اہم ذمہ داری کو بخوبی نبھانے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ شیخ رشید اپنی نئی وزارت کا چارج پیر کو سنبھالیں گے۔اس سے پہلے وہ ہفتہ کے روز لاہور جائیں گے اور بھرپور تعاون پر ریلوے کے افسران و ملازمین کا شکریہ ادا کریں گے۔