نگران وزیراعظم کی صنعتوں کیلئے گیس کی قیمتوں کے حوالے سے صنعتکاروں سے مشاورت کی ہدایت

Dec 11, 2023 | 20:27:PM

(24 نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے صنعتوں کیلئے گیس کی قیمتوں کے حوالے سے صنعتکاروں کی مشاورت سے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صنعتوں کیلئے بجلی کے بھی مسابقتی نرخ متعارف کروائے جائیں جس سے عام آدمی اور صنعتوں کو فائدہ پہنچے۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے صوبہ سندھ بالخصوص کراچی سے تعلق رکھنے والے معروف صنعتکاروں اور تاجروں نے ملاقات کی۔

ملاقات وزیراعظم کے دورہ کراچی کے دوران صنعتکاروں اور تاجروں سے شروع کی گئی مشاورت کا تسلسل ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی میں صنعتکاروں اور کاروباری برادری کا کلیدی کردار ہے، حکومت صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: یوریا کھاد کی رعایتی نرخوں پر بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، نگران وزیر اعظم

انہوں نے ہدایت کی کہ صنعتوں کیلئے بجلی کے مسابقتی نرخ متعارف کروائے جائیں جس سے عام آدمی اور صنعتوں کو فائدہ پہنچے۔ وزیراعظم نے نگران وفاقی وزیر خزانہ اور نگران وفاقی وزیر توانائی کو صنعتوں کیلئے گیس کی قیمتوں کے حوالے سے صنعتکاروں کی مشاورت سے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے کاروباری برادری کا تعاون کلیدی اہمیت کا حامل ہے، ٹیکس نیٹ کے بڑھانے میں کاروباری برادری حکومت کا ساتھ دے، عوام کی فلاح و بہبود اور معیشت کی بحالی کیلئے حکومت ادارہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔

مزیدخبریں