کرکٹ کی بہتری کیلئے ہرممکن تعاون کریں گے، نگران وزیراعظم

Dec 11, 2023 | 20:51:PM

This browser does not support the video element.

(اویس کیانی) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت پاکستان کرکٹ بورڈ کے امور کے حوالے سے اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف نے وزیراعظم کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتظامی امور سے آگاہ کیا۔

اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کرکٹ کا کھیل پوری قوم کو متحد کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے جس سے قومی جذبہ ابھرتا ہے۔ صرف ٹیم ورک کی بدولت ہی پاکستان کرکٹ ٹیم متحد ہوکر ہر میدان میں کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔

   وزیراعظم نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی میں ٹرینرز، سپورٹ اسٹاف اور دیگر عہدیداران کی تعیناتی کرتے ہوئے ملکی مفاد اور وقار کا خیال رکھا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کھلاڑیوں کو اچھی کوچنگ کے ساتھ ساتھ بہترین تربیت بھی کی جائے تاکہ وہ ہر سطح پر ملک و قوم کی بہتر نمائندگی کرسکیں۔

   وزیراعظم نے کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے انتخابات بطریق احسن کروانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ کرکٹ کو ملک کے دور دراز علاقوں میں بھی فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب، گلگت بلتستان، کے پی کے نئے ضم شدہ اضلاع، آزاد جموں و کشمیر وغیرہ میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جس کو قومی سطح پر نمائندگی کا موقع دینے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم اور پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم کی بحالی کا کام فوری شروع کیا جائے تاکہ یہاں قومی اور بین الاقوامی کرکٹ میچز کا انعقاد کیا جاسکے۔ گوادر کے کرکٹ اسٹیڈیم اور گلگت بلتستان کے علاقے نگر میں موجود پسن اسٹیڈیم کو کرکٹ میچوں کے انعقاد کے قابل بنایا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: اسد شفیق نے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

وزیر اعظم نے کرکٹ بورڈ کو ضلع نگر کے پسن اسٹیڈیم کا فوری سروے کرانے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ موجودہ کرکٹ اسٹیڈیمز کی جدید خطوط پر بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جدید سہولیات سے آراستہ نئے کرکٹ اسٹیڈیمز اور ان کے ساتھ بین الاقوامی معیار کے ہوٹلز اور شاپنگ ایریاز کے قیام کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جائے تاکہ سیاحت کو بھی فروغ دیا جاسکے۔

وزیراعظم نے کرکٹ کی ترقی کیلئے اسلام آباد میں چار کرکٹ گراؤنڈز کو سی ڈی اے سے لے کر پاکستان کرکٹ بورڈ کی سرپرستی میں دینے کی ہدایت بھی کی۔

پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے وزیراعظم نے لیگ کے میچز کا انعقاد ملک بھرمیں کرانے کیلئے جامع حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی۔ پاکستان کو کرکٹ کے میدان میں دوست ممالک کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے فروغ کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

اجلاس کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان سپر لیگ کا انعقاد فروری 2024ء میں ہوگا۔ لیگ کے میچز کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں منعقد ہوں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان کرکٹ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا۔

اجلاس کو پاکستان میں خواتین کی کرکٹ کے فروغ کیلئے اٹھائے جا رہے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں نگران وفاقی وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر، چیف سلیکٹر وہاب ریاض، ڈائریکٹر قومی کرکٹ ٹیم محمد حفیظ، بولنگ کوچ عمر گل اور سعید اجمل نے بذریعہ وڈیو لنک آسٹریلیا سے شرکت کی۔

مزیدخبریں