بارش اور برفباری، محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی
ملک میں سردی کے ڈیرے، پہاڑوں پر برفباری، غذر میں جھیلیں اور آبشاریں جم گئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
ملک میں خون جما دینے والی سردی نے ڈیرے ڈال دیئے، پہاڑوں پر ہر طرف برف کی سفیدی چھا گئی، غذر میں جھیلیں اور آبشاریں جم گئیں جبکہ مالم جبہ، کالام، کاغان اور شوگران نے بھی برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک رہنے جبکہ پہاڑی علاقوں میں موسم سرد رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔اسلام آباد میں درجہ حرارت صفرہوگیا ، آزادکشمیر کےعلاقہ لیہہ میں منفی 10 اورگلگت بلتستان کے علاقےگوپس میں درجہ حرارت منفی7 ڈگری سینٹی گریڈ ،سکردو،استور اور کالام میں بھی پارہ منفی 6 تک گرگیا جبکہ چترال میں منفی 5،گلگت ،ہنزہ ،دیر ،مالم جبہ میں منفی 4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہے گا، مری، گلیات اور گرد و نواح میں چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر علاقے ملتان، خانیوال، خانپور، رحیم یار خان اور بہاولپور میں دُھند رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جنو بی پنجاب کے بیشتر حصوں میں دُھند رہنے کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان میں چند مقامات پربارش اوربرفباری کی توقع ہے۔گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور مزید برفباری کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بھارتی کوچ پر آئی سی سی نے6سال کی پابندی لگا دی
محکمہ موسمیات نے بالائی خیبرپختونخواکے مختلف علاقوں میں بارش اوربرفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، کوہستان، چترال، دیر، سوات، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش ہونے کی توقع ہے۔
آزادکشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، بعض میدانی علاقوں میں سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے، بالائی سندھ میں بعض مقامات پر دھند رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق جنوری کے اوائل میں بارش کا سسٹم بنے گا تاہم معمول سے کم بارشیں ہوں گی۔
دوسری جانب کراچی میں سردہواؤں نے سردی بڑھادی، پارہ صبح سویرے 12 تک گرگیا، درجہ حرارت سنگل ڈیجیٹ میں جانے کا امکان ہے۔
گزشتہ روز لہہ میں درجہ حرارت منفی 13، اسکردو اور گوپس میں منفی 7 ریکارڈ کیا گیا، کالام اور قلات میں منفی 6 ڈگری کی سردی پڑی جبکہ دیر اور مالم جبہ میں منفی 4 کی سردی پڑی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں سردی کی لہر 15 دسمبر تک برقرار رہے گی، آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا۔