پروگرام کے بہانے بلاکربھارتی اداکار مشتاق خان کواغواء کرلیاگیا

اغواء کاروں نے فون لے کر اکاؤنٹ سے تقریباً 2 لاکھ روپے منتقل  کیے،تشددکانشانہ بھی بنایا 

Dec 11, 2024 | 11:48:AM

(ویب ڈیسک)بھارتی فلم اورٹی وی کے معروف اداکار مشتاق خان کو اغواء کر کے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 54 سالہ اداکار کو 12 گھنٹے تک یرغمال بنائے رکھا گیا اور ان سے 2 لاکھ روپے تاوان مانگا گیا،بھارتی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں،واقعہ 20 نومبر کو ریاست اتر پردیش میں پیش آیا تھا۔

مشتاق خان کو 15 نومبر کو ممبئی میں ایک شخص راہول سینی نے فون کر کے میرٹھ میں ایک پروگرام میں مدعو کیا تھا،راہول سینی نے تقریب میں شرکت کے لیے اداکار کو فیس ادا کرنے کا بھی وعدہ کیا اور انہیں فوری طور پر آن لائن 25 ہزار روپے ٹرانسفر کر دیئے باقی رقم بعد میں ادا کرنے کا کہا گیا۔

مشتاق خان کو ممبئی سے دہلی کا ایئر ٹکٹ بھی بھیجا گیا، جس کے بعد وہ 20 نومبر کو دہلی پہنچے اور راہول سینی کی بھیجی ہوئی ٹیکسی میں سوار ہوئے تو ٹیکسی میں ڈرائیور کے علاوہ ایک اور شخص بھی موجود تھا،آگے جا کر گاڑی روک کر مشتاق خان کو دوسری گاڑی میں بیٹھنے کے لیے کہا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:دھوکہ دہی کا الزام،عدالت نے دھرمیندر کو طلب کرلیا

ایف آئی آر کے مطابق اُس گاڑی میں ڈرائیور کے علاوہ 2 مزید افراد بھی تھے، آگے جا کر گاڑی میں مزید 2 لوگ بیٹھ گئے اس موقع پر مشتاق خان نے شور مچایا تو گاڑی میں موجود افراد نے ان کے چہری پر چادر ڈال دی،تقریباً تین چار گھنٹے بعد مشتاق خان کو ایک گھر میں لایا گیا جہاں اغواء کاروں نے ان پر تشدد کیا اور گھر والوں کو فون کر کے اکاؤنٹ میں رقم منتقل کرنے کے لیے کہا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اغواء کاروں نے مشتاق خان کا فون لے کر اکاؤنٹ سے تقریباً 2 لاکھ روپے منتقل  کیے تھے، بعدازاں شراب پی   اورصبح سویرے گھر سے نکل گئے جس کے بعد مشتاق خان وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ایف آئی آر کے مطابق مشتاق خان فرار ہونے کے بعد قریبی مسجد پہنچے جہاں کے امام نے ان کے خاندان کے افراد سے رابطہ کرنے میں ان کی مدد کی،واقعے کی ایف آئی آر مشتاق خان کے مینجر کی طرف سے دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اداکار کی طبیعت بہت خراب تھی اور اس لیے انہوں نے ایف آئی آر درج کرانے کا مجھے کہا ہے۔

رواں ماہ اسی طرح کی واردات بھارتی کامیڈین سنیل پال کے ساتھ بھی ہوئی تھی۔

 

مزیدخبریں