(ویب ڈیسک) ملٹی نیشنل مارکیٹ ریسرچ اینڈ کنسلٹنگ فرم اپسوس نے اپنے کنزیومر کانفیڈنس انڈیکس سروے میں دعویٰ کیا ہے کہ تیسری سہ ماہی کے مقابلے میں چوتھی سہ ماہی میں پاکستان کی سمت کے بارے میں پُرامیدی تقریبا دگنی ہو کر 3 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
سروے رپورٹ کے مطابق 2024 اقتصادی اندیشوں میں قابل ذکر کمی واقع ہوئی ہے اور پاکستانیوں کے لیے سب سے زیادہ پریشان کن امر مہنگائی، 16 فیصد کمی سے 3.5 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
سروے میں چاروں صوبوں اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار سے زائد افراد سے انٹرویو کیے گئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ستمبر 2023 سے ملک کو مضبوط ریاست سمجھنے والے پاکستانیوں کی تعداد میں چار گنا اضافہ ہوا ہے جبکہ ملک کو کمزور سمجھنے والے افراد کی تعداد تیزی سے کم ہوکر 9 فیصد پر آگئی ہے۔
چوتھی سہ ماہی کے دوران مقامی معاشی حالات کے حوالے سے پرُامیدی میں بھی 20 فیصد اضافہ ہوا ہے، ہر 5 میں سے ایک پاکستانی (19 فیصد) امید رکھتا ہے کہ اگلے 6 ماہ میں حالات بہتر ہوجائیں گے، جو ایک سال کی بلند ترین شرح ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پانی میں گھل جانے والا ماحول دوست پلاسٹک تیار
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سہ ماہی کے بعد سے گلوبل کنزیومر کانفیڈنس انڈیکس کی درجہ بندی میں پاکستان نے 2 سال میں پہلی مرتبہ (1.2 پوائنٹس) اضافے سے ترکیہ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
سروے رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 3 میں ایک پاکستانی سمجھتا ہے کہ ملک کے معاشی حالت مضبوط یا معتدل ہے، مرد، شہری آبادی، اعلیٰ تعلیم یافتہ اور متوسط طبقے کے افراد زیادہ پُرامید نظر آتے ہیں۔
اسی طرح، ستمبر 2023 کے بدترین حالات کے بعد سے ان پاکستانی کی تعداد میں 6 فیصد اضافہ ہوا ہے جو سمجھتے ہیں کہ گھریلو اشیا کی خریداری مشکل سے آسان ہوگئی ہے۔
مزید یہ کہ، ہر 5 میں سے ایک پاکستانی اگلے 6 ماہ کے اندر بہتری کی توقع رکھتا ہے اور مرد اور متوسط اور کم آمدنی والے طبقے امیروں سے زیادہ پُرامید ہیں۔
تیسری سہ ماہی میں متزلزل ہونے کے بعد چوتھی سہ ماہی میں مستقبل کی بچت کے بارے میں پاکستانیوں کا اعتماد بحال ہوا ہے، تاہم بڑی مالیت خریداری کی صلاحیت پر اعتماد میں کمی کا سلسلہ برقرار ہے، صرف 4 فیصد پاکستانی چوتھی سہ ماہی میں قیمتی اشیا کی خریداری میں آرام محسوس کرتے ہیں۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دوسری سہ ماہی کے بعد سے ملازمتوں کے تحفظ پر اعتماد میں استحکام دیکھا جا رہا ہے اور یہ 3 سال کی بلند ترین سطح ہے۔