بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے کا مرکزی کردار فیض حمید تھے،خواجہ آصف 

دونوں کی پارٹنر شپ 2018ء سے پہلے کی ہے،عمران خان کے ملٹری ٹرائل  کافیصلہ قانون کرے گا

Dec 11, 2024 | 12:59:PM
بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے کا مرکزی کردار فیض حمید تھے،خواجہ آصف 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اقتدار میں لانے میں سرفہرست لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید تھے۔

 پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ان دونوں کی پارٹنرشپ 9 مئی کو بھی تھی اور بعد میں بھی چلتی رہی،شہادتوں سے سامنے آئے گا کہ کس طرح 2018 میں دھاندلی کی گئی،بانی پی ٹی آئی کے دور اقتدار میں بہت سے سویلینز کا ملٹری ٹرائل ہوا،عمران خان کے ملٹری ٹرائل بارے قانون فیصلہ کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی سمت سے متعلق امیدیں دگنی ہوگئیں، اپسوس

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ڈی چوک میں 12 ہلاکتوں کی بات کرتے ہیں لیکن رینجرز اور پولیس اہلکاروں کی بات نہیں کرتے، صوبائیت کا کارڈ کھیل رہے ہیں، یہ آخری کارڈ ہے، سول نافرمانی کی تحریک شروع بھی نہیں ہوگی،پی ٹی آئی نے 12 لوگوں کی شہادتوں کاکوئی ثبوت کل اسمبلی میں پیش نہیں کیا،علی امین گنڈاپور کے گارڈز نے خود اپنے بندے مارے اس کا ملبہ پولیس اور رینجرز پر ڈالا جارہا ہے،یہ لوگ 12 کی بات کرتے ہیں توجو 5 لوگ رینجرز اور پولیس کے شہید ہوئے ان کی بات کیوں نہیں کرتے؟ کیا وہ پاکستانی نہیں؟،سوشل میڈیا پر جو کچھ دکھایا جاتا ہے وہ سب سچ نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ 5 سے 6 سال تک بانی پی ٹی آئی اور  فیض حمید اکٹھے حصہ دار تھے،دونوں کی پارٹنر شپ 2018ء سے پہلے کی ہے،یہ پارٹنرشپ 9 مئی میں بھی چلی، 9 مئی کے بعد بھی چلتی رہی، کوئی اس سے انکاری ہے تو جو ثبوت اور شواہد موجود ہیں اس سے پچھلے 6 سال کی پارٹنرشپ ثابت ہو جائے گی کہ بانی پی ٹی آئی کو کس طرح اقتدار میں لایا گیا، کس طرح آر ٹی ایس بٹھایا گیا ، کس طرح پی ٹی آئی کو 2018ء کے انتخابات میں ہر طرح سے امداد دی گئی،کس طرح مخالفین کو قید کیا گیا ، جعلی مقدمے بنائے گئے، ان کے خاندانوں کے خلاف مقدمات بنائے گئے ، کس طرح لوٹ مار کی گئی، کس طرح بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ نے بڑے بڑے بزنس ٹائیکون کے ساتھ مل کر کرپشن کی۔

خواجہ آصف نے مزید کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران سینٹ انتخابات ہوئے توان تمام چیزوں کے پیچھے آپ کو یہی 2 سے 3 کردار نظر آئیں گے۔

 صحافی نے سوال کیاکہ کیا فیض حمید کے ملٹری ٹرائل میں چارج شیٹ کرنے سے اثرات جنرل باجوہ تک بھی پہنچیں گے ؟اس کے جواب میں خواجہ آصف نے کہاکہ شہادتیں سامنے آئیں گی تو لازمی طور پر کچھ نہ کچھ اثرات سجے کھبے جائیں گے،ون پیج ابھی ہے یا پھٹ گیا ہوا ہے نہیں معلوم۔