(وسیم احمد)چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے پاک بھارت ڈیڈ لاک ختم،بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان کے فیوژن فارمولے پر کھیلنے کو تیار ہے۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بی سی سی آئی فیوژن فارمولے کے تحت آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پر رضامند ہو گیاہے ، بھارتی بورڈ فیوژن فارمولا اپنے ایونٹس پر لاگو نہیں کرنا چاہتا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی اس بات پر راضی ہو گیا ہے کہ پاکستان بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹ کے گروپ میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے،تاہم بی سی سی آئی نے واضح کر دیا ہے کہ اگر پاکستان سیمی فائنل یا فائنل میں پہنچے تو اسے بھارت میں کھیلنا ہو گا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ پاکستان بھارت میں آئی سی سی ایونٹس کا بائیکاٹ کرے گا تو اسے قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
خیال رہے کہ پی سی بی نے 3 سال تک بھارت میں شیڈول آئی سی سی ایونٹس کے لیے فیوژن ماڈل پیش کیا، پی سی بی کا دو ٹوک مؤقف ہے کہ بھارت پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلےگا تو پاکستان بھی آئی سی سی کے کسی میچ کیلئے ٹیم بھارت نہیں بھیجےگا۔
یاد رہے کہ فروری کے مہینے میں چیمپئنز ٹرافی کے میچز پاکستان میں ہوں گے،بھارت نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کردیا ہے،بھارت نے نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کی ہٹ دھرمی اپنائی تو پاکستان نے آئی سی سی کو فیوژن فارمولا دیا جس کے تحت نہ بھارت پاکستان آکر کھیلے گا اور نہ ہی تین سال تک پاکستان بھارت میں جاکر کھیلے گا۔