اپوزیشن کا اتحاد بدگمانیوں پر قائم ہے : بزدار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جلد گمنامی کی تاریکیوں میں کھو جائے گی،سازشی عناصرکو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ اپوزیشن رہنماؤں کا اتحاد بدگمانیوں پر قائم ہے جس کی کامیابی کا کوئی امکان نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں جس میں حلقوں کے مسائل کے حل اور سینٹ الیکشن پر مشاورت کی گئی۔ عثمان بزدار نے منتخب نمائندوں کو عوامی مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں ارکان قومی اسمبلی زین قریشی، اورنگ زیب خان کھچی، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی، اراکین پنجاب اسمبلی فتح خالق، چودھری بلال اصغر، کرنل(ر) غضنفر عباس شاہ، ملک مختار احمد، آصف مجید اور میاں محمد فرخ ممتاز مانیکا شامل تھے۔ چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ اور سیکرٹری گڈ گورننس کمیٹی کرنل (ر) اعجاز حسین منہاس بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے پسماندہ علاقوں کو حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا، ماڑی، سخی سرور سمیت متعدد علاقے ایسے ہیں جہاں کبھی کوئی وزیراعلیٰ نہیں گیا، خود پنجاب کے ہر دور افتادہ علاقے میں جا کر عوامی مسائل سے آگاہی حاصل کرتا ہوں، عوام سے ملکر ان کے مسائل حل کرتا ہوں، صرف ڈی جی خان ہی نہیں بلکہ پنجاب کے ہر پسماندہ علاقے کا وکیل ہوں اور ترقی کے لئے لڑوں گا۔ ان کا کہنا تھا پی ڈی ایم کا اتحاد تشکیل سے پہلے ہی اختلافات کا شکار ہوگیا تھا، پی ڈی ایم میں اعتماد کا فقدان ہے،اپوزیشن استعفوں کی طرح لانگ مارچ سے بھی راہ فرار اختیار کر رہی ہے، ایک دوسرے پر عدم اعتماد کے ساتھ جلسے جلوس تو ہوسکتے ہیں لیکن تحریک نہیں چلتی۔