(24نیوز)اہم ترین اسلامی ملک ترکی نے اعلان کیا ہے کہ ان کا پہلا چاند مشن 2023ءتک چاند پر اترے گا جبکہ آئندہ 10 سال کے دوران نہ صرف خلا میں مشن بھیجے جائیں گے بلکہ خلا میں اسٹیشن کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔
صدر طیب اردگان نے کہا ہے کہ چاند تک پہنچنے میں اللہ ہماری مدد کرے گا اور انشائاللہ 2023 تک ہم چاند پر قدم رکھ دیں گے‘ترکی نے چاند پر مشن بھیجنے اور خلائی تحقیقات کے پروگرام کو بڑھانے کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا ہے جبکہ پہلے عرب اور اسلامی ملک متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا تحقیقاتی مشن مریخ پر 9 فروری کو پہنچا۔یو اے ای کی جانب سے تاریخ رقم کیے جانے کے بعد 10 فروری کو ترک صدر رجب طیب اردوان نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران ترکی میں جمہوریت کے 100 سال مکمل ہونے پر چاند پر قدم رکھنے کا اعلان کیا۔
چاند پر مشن بھیجے جانے اور خلائی اسٹیشن کے قیام سے قبل ہی گزشتہ ماہ ترک صدر رجب طیب اردوان نے امریکی خلائی ٹیکنالوجی کے ادارے اسپیس ایکس کے سربراہ اور دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک سے رابطہ بھی کیا تھا اور ان سے راکٹ ٹیکنالوجی سمیت اسپیس ٹیکنالوجی پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ایلون مسک سے رابطے سے قبل ترک حکومت نے 2018ءمیں خلائی ادارے ترکش اسپس ایجنسی (ٹی یو اے) کی بنیاد رکھی تھی اور اب ترک حکومت نے خلائی تحقیقات میں مزید آگے بڑھنے کے اعلانات کردیے۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ 2023 ءمیں ترکی میں جمہوریت کے سو سال مکمل ہونے پر ترکی مشن چاند پر قدم رکھ کر وہاں جھنڈا لہرائے گا۔رجب طیب اردوان نے 10 سالہ خلائی پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں ترکی کا مقصد چاند پر قدم رکھ کر وہاں اپنا جھنڈا گاڑنا ہے۔
اللہ کی مدد سے 2023 میں چاند پر جھنڈا لہرا دینگے،اردگان کا اعلان
Feb 11, 2021 | 19:16:PM