(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق بھارتی کرکٹر عرفان پٹھان جمعرات کو ٹرولرز کے نشانے پر آگئے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی جس میں ان کا بیٹا اور اہلیہ صفا نظر آ رہے ہیں۔ تصویر ائیرپورٹ کی ہے جس میں پیچھے کی طرف فلائٹ کھڑی نظر آرہی ہے۔ صفا نے حجاب پہن رکھا ہے،بھارت کے انتہا پسندوں لوگوں نے انکی اہلیہ کو حجاب میں دیکھ کر عرفان پٹھان کو سوشل میڈیا پر ٹرول کرنا شروع کردیا۔
بھارت کے ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تصویر شیئر کرتے ہوئے 37 سالہ عرفان پٹھان نے کہا کہ یہ ان کے بیٹے کا پہلا فضائی سفر تھا۔ تاہم کچھ صارفین نے عرفان کو برقع یا پردے کے بغیر حجاب اور صفا کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ نہ کرنے پر ٹرول کیا۔ کچھ لوگوں نے کہا کہ وہ کرناٹک کے ایک سکول میں حجاب پہننے پر جاری تنازعہ کے درمیان ایسی تصویر شیئر کر رہے ہیں۔ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ عرفان پٹھان کو ٹرول کیا گیا ہو۔ ان کی سوشل میڈیا پر کچھ اور تصاویر بھی ہیں جن میں ان کی اہلیہ حجاب پہنے نظر آ رہی ہیں۔ ایک صارف نے لکھا- آپ بہت اچھے کھلاڑی تھے لیکن شاید آپ کی سوچ بحیثیت انسان بہت قدامت پسند ہے۔ عرفان پٹھان نے کچھ وقت پہلے بھی ایک تصویر پوسٹ کی تھی۔ اس میں بیٹا کندھے پر سوار ہے اور بیوی صفا ان کے ساتھ کھڑی ہیں۔ تصویر کو دیکھ کر پتہ چلتا ہے کہ تصویر کو ایڈٹ کرتے ہوئے ماسک کے طور پر صفا کو نقاب پہنایا ہوا ہے۔
یاد رہے کہ عرفان پٹھان نے 2016 میں صفا سے شادی کی۔ صفا سعودی عرب میں پیدا ہوئیں۔ وہ ماڈل ہونے کے ساتھ ساتھ نیل آرٹسٹ بھی رہی ہیں۔ عرفان پٹھان فی الحال اپنے خاندان کے ساتھ وڈودرا، گجرات میں رہتے ہیں۔ ان کے بڑے بھائی یوسف پٹھان بھی بھارت کے لئے کرکٹ کھیل چکے ہیں۔ عرفان پٹھان نے اپنے کیریئر میں 29 ٹیسٹ، 120 ون ڈے اور 24 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ میں 1 سنچری اور 6 نصف سنچریوں کی مدد سے مجموعی طور پر 1105 رنز بنائے اور 100 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ون ڈے میں انہوں نے 1544 رنز بنانے کے ساتھ 173 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر میں انہوں نے 172 رنز اور 28 وکٹیں اپنے نام کیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’کتے تیتھوں اتے‘دل چیرنے والا منظر، سب چلے گئے ریان کا ساتھی کتا قبر پر نظریں جمائے بیٹھا رہا