(عثمان خان) جمعیت علمائے اسلام ف نے عام انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے احتجاج کا اعلان کر دیا۔
جمعیت علمائے اسلام ف نے عام انتخابات کے نتائج کو مسترد کر دیا، جے یو آئی کی مرکزی مجلس عاملہ اور صوبائی امراء ونظماء کا اہم اجلاس بھی طلب کر لیا گیا، اجلاس 14 فروری کو اسلام آباد میں ہوگا، اجلاس کی صدرات جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کریں گے، اجلاس میں انتخابی نتائج سمیت آئندہ کی صورتحال پر غور وخوض ہوگا۔
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کا کہنا ہے کہ نتائج پر تحفظات ہیں ، بندر بانٹ کی گئی ہے، دیوار سے لگایا گیا ہے، بھرپور مقابلہ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: یااللہ خیر! پنجاب اور خیبرپختونخوا میں زلزلے کے شدید جھٹکے
دوسری جانب الیکشن 2024 کے نتائج میں بدترین گیر پھیر کیخلاف جے یوآئی سندھ میدان میں آگئی، عام انتخابات میں بدانتظامی اور دھاندلی کے خلاف جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ نے تحریک کا اعلان کر دیا، جے یوآئی نے احتجاجی تحریک کا شیڈول پورے صوبے کیلئے جاری کر دیا۔
جے یوآئی کے جاری کردہ احتجاجی شیڈول کے مطابق کل 11 فروری سندھ کے 28 مقامات نیشل ہائی وے بلاک کر کے دھرنے دیئے جائیں گے، 12 فروری کو الیکشن کمیشن کے دفاتر کے سامنے اور 13 فروری کو ضلعی ہیڈکوارٹر میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے ہوں گے، 14 فروری کو آر اوز دفاتر کے سامنے احتجاجی دھرنے ہوں گے جبکہ 16 فروری بروز جمعہ کو سندھ پنجاب بارڈر بلاک کیا جائے گا۔