تحریک آزادی جموں وکشمیر کے عظیم رہنما مقبول بٹ کا آج یوم شہادت

Feb 11, 2025 | 09:24:AM

(حاشر وڑائچ)تحریک آزادی جموں و کشمیر کے عظیم رہنما محمد مقبول بٹ کا یوم شہادت آج لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

 معروف کشمیری رہنما شہید محمد مقبول بٹ 1938ء میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے علاقے ترہیگام میں پیدا ہوئے، شہید مقبول بٹ نے بھارتی جبری قبضے کے خلاف آزادی کی تحریک شروع کر رکھی تھی۔

بھارت نے 11 فروری 1984ء میں اس بہادر لیڈر کو تہاڑ جیل دہلی میں جھوٹے کیس میں ملوث کر کے پھانسی دے کر شہید کر دیا، شہید مقبول بٹ کی مقبولیت اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں لوگوں کے ردعمل سے بچنے کیلئے بھارتی حکام نے ان کے جسد خاکی کو ورثاء کے حوالے کرنے سے انکار کیا۔

مزید پڑھیں: 5فروری پاکستان اور کشمیر کے عوام کے رشتوں کی علامت‘وزیراعظم اورصدر آزاد کشمیر کا پیغام

مقبوضہ علاقے ترہیگام میں مقبول بٹ کے پڑوسی شعیب شاہ کے مطابق مقبول بٹ کشمیریوں کو بھارت سے آزادی دلانے کیلئے جدوجہد میں مصروف تھے۔

مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر میں آئے روز بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کے باوجود کشمیری عوام نے شہید مقبول بٹ کے لہو سے جلائی گئی شمع آزادی کو روشن رکھنے کیلئے مرد خواتین سمیت ایک لاکھ سے زائد لوگوں نے قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

جموں مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے محبوس جنرل سکریٹری مولوی بشیر عرفانی نے ممتاز آزادی پسند رہنماؤں شہید محمد افضل گورو اور شہید مقبول بٹ کو ان کی شہادت کی برسیوں پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ھوۓ کہا کہ یہ دونوں شہدا کشمیری قوم کے نہ صرف ہیرو ہیں بلکہ محسن بھی ہیں جنہوں نے اللّہ کی رضا اور وطن عزیز کو بھارتی غلامی سے آزاد کرنے کی جستجو میں اپنی جانوں کا نذرانہ دیا۔ 

مزیدخبریں