چینی شہری کی ہارٹ اٹیک کے باوجود نوکری پر جانے کی ضد

Feb 11, 2025 | 15:22:PM

(24 نیوز ) چین میں ایک شہری کی ہارٹ اٹیک کے باوجود نوکری پر جانے کی ضد دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔

چینی میڈیا کے مطابق صوبہ ہنان میں  40 سالہ شہری ملازمت پر جانے کیلئے ٹرین میں سوار ہونے کیلئے ریلوے سٹیشن میں لگی لائن میں کھڑا تھا جہاں اسے اچانک دل کا دورہ پڑا اور وہ گر پڑا۔

اس کی مدد کیلئے کئی لوگ اور ایک ڈاکٹر فوراً پہنچے، 20 منٹ بعد اس شخص کو ہوش آیا اور اس نے سب سے پہلے کہا کہ مجھے جلدی کام پر پہنچنا ہے، میں ہسپتال جانا ضروری نہیں سمجھتا، چینی شہری کی یہ بات سن کر سب حیران رہ گئے۔

  مزید پڑھیں:سکائی ڈائیور کو فضا میں دل کا دورہ، ویڈیو وائرل

موقع پر موجود ایک ڈاکٹر نے شہری پر زور دیا کہ وہ پہلے ہسپتال جائے کیونکہ اسے گرنے کی وجہ سے بھی چوٹیں آئی ہیں، شروع میں وہ شخص انکار کرتا رہا تاہم سمجھانے کے بعد وہ ایمبولینس میں جانے کیلئے راضی ہوگیا۔

اس سارے واقعے نے چین میں سیکڑوں لوگوں کو حیران کر دیا ہے جبکہ کئی افراد اس شخص پر افسوس بھی کر رہے ہیں۔

انٹرنیٹ پر ایک صارف نے کہا ہے کہ اس شخص نے اٹھنے کے بعد سب سے پہلے پیسے کمانے کا سوچا، دوسرے شخص نے لکھا کہ وہ آدمی اس معاشرے میں اکیلا نہیں ہے، ہم میں سے اکثر لوگوں کو گھر کے کرائے سے لے کر بچوں کی تعلیم تک بہت زیادہ بوجھ اٹھانا پڑتا ہے۔

اس حوالے سے مزید ایک صارف نے لکھا کہ یہ سب کیلئے آسان نہیں ہے۔

مزیدخبریں