عالمی حکومتوں کا سربراہی اجلاس،شہباز شریف کی کویتی وزیراعظم اور سری لنکن صدر سے ملاقات

Feb 11, 2025 | 20:30:PM

(24 نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کویت کے وزیر اعظم شیخ احمد عبداللہ الاحمد الصباح اور سری لنکا کے صدر  انورا کمارا ڈسانائیکےسے دبئی میں عالمی حکومتوں کے سربراہی اجلاس (ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025)  کے موقع پر ملاقات کی۔
 تفصیلات کے مطابق پاکستان اور کویت کےدونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کویت کے مابین برادرانہ تعلقات کا جائزہ لیا اور دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔  انہوں نے پاکستان-کویت تعاون کو مزید وسعت دینے اور موجودہ تعلقات کو باہمی طور پر مفید مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔  دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جنگ بندی کے فوری اور مکمل نفاذ اور فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد کی رفتار کو بڑھانے پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سری لنکن صدر سے ملاقات کر رہے ہیں

عالمی حکومتوں کے سربراہی اجلاس (WGS)  کے موقع پر وزیراعظم محمد شہبازشریف اور سری لنکا کے صدر  انورا کمارا ڈسانائیکے کی بھی آج دبئی میں ملاقات ہوئی. دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ پہلی پہلی ملاقات تھی۔ پاکستان اور سری لنکا کے مابین تاریخی روابط کا ذکر کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان موجودہ خیر سگالی کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔دونوں رہنماوں نے دو طرفہ تعلقات کے اہم پہلوؤں بالخصوص تجارت، دفاع و سلامتی، تعلیم، مذہبی سیاحت اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔  انہوں نے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو بڑھانے اور بہتر تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا۔سری لنکا کے صدر نے دونوں برادر ممالک کے درمیان خوشگوار اور مضبوط تعلقات کو سراہا۔  انہوں نے 1996 کے لاہور میں منعقدہ کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل کے حوالے سے اپنی خوشگوار یادوں کا بھی ذکر کیا۔ملاقات کے دوران سارک کو مزید متحرک کرنے سمیت علاقائی اور کثیرالجہتی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

یہ بھی پڑھیں:ایک آدھا میچ ہارنے پر ٹیم سے ناراض نہیں ہونا چاہے، محسن نقوی

مزیدخبریں