(24 نیوز) کورونا وائرس کے خلاف پاکستان میں چین کی تیار کی جانیوالی ویکسین کی طبی آزمائش کا مرحلہ اب ختم ہونے کے قریب ہے۔ویکسین لگوانے والے تمام رضاکاروں کی طرف سے کوئی شکایت نہیں کی گئی جس کی بنا پر اس ویکسین کو پاکستانی عوام کیلیے محفوظ اور پراثر کہا جا سکتا ہے، ویکسین کی طبی آزمائش تین ماہ پہلے ملک بھر کے5 طبی مراکز میں شروع کی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ صحت کی ہیڈ آف ویکسین پروڈکشن ڈاکٹر غزالہ پروین نےکہا ہے کہ اس ویکسین کی آزمائش کیلئے 18ہزار رضاکاروں کی ضرورت ہے اور ابتک 16ہزار سے زائد لوگ بھرتی ہوچکے ہیں۔قومی ادارہ صحت کی ڈاکٹرعمیرہ نصیر نے کہاطبی آزمائش پاکستانی آب و ہوا میں پاکستانی لوگوں پر کی جار رہی ہے، ریکومبیننٹ ناول کورونا وائرس ویکسین نامی یہ ویکسین کین سائنو بائیو اور بیجنگ کے انسٹیٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی چائنہ نے مشترکہ طور پر تیار کی ہے۔
دوسری جانب چینی ادویات بنانیوالے گروپ سائینوفارم نے کورونا ویکسین پاکستان لانے کی اجازت مانگ لی اور کورونا ویکسین رجسٹریشن کیلئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کو درخواست دیدی، ڈریپ رجسٹریشن بورڈ کا منظوری کیلئے اجلاس آئندہ ہفتے ہونے کا امکان ہے۔