(24 نیوز)لاہور الیکٹر ک سپلائی کمپنی (لیسکو) میں بجلی کابحران حل نہیں ہوسکا، بڑی صنعتوں اور خود مختار فیڈرز کو بھی سپلائی روک دی گئی۔
لیسکو ذرائع کے مطابق صنعتوں کی بجلی بند کرکے گھریلوصارفین کوفراہم کی جارہی ہے، شہری اور دیہی علاقوں کو ریلیف دیا گیا ہے، پیداوار بڑھنے پر صنعتوں کی بجلی بحال کر دی جائےگی۔ شارٹ فال ایک ہزار میگاواٹ سے بڑھ گیا ہے، لیسکو میں طلب 2500 جبکہ رسد 1300میگاواٹ ہے، دیگر ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں بھی ایسی ہی صورتحال ہے۔
صنعتکار وں نے بجلی کی بندش پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے، صدر لاہور چیمبر میاں طارق مصباح کا کہنا ہے کہ صنعتوں کا پہلے ہی کوئی پرسان حال نہیں ، رہی سہی کسر حالیہ بحران نے نکال دی ہے ، بجلی فوری بحال نہ ہوئی تو صنعتکار وں کا نقصان حدسے بڑھ جائےگا۔