پرامن افغانستان خطے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے،اسد قیصر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ پاکستان ایک پرامن اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے، پرامن افغانستان خطے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے،امن عمل میں مثبت پیشرفت افغان قیادت کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق افغان حزب وحدت اسلامی کے رہنما محمد کریم خلیلی نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی،ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا،سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان کے مابین تعلقات اخوت، بھائی چارے، تاریخ اور ثقافت کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں، پاکستان افغان امن عمل کے جامع وسیع البنیاد اور سیاسی حل کی حمایت کیلئے پرعزم ہے،قیام امن سے افغانستان سمیت خطے میں امن و خوشحالی کے دور کا آغاز ہو گا،پاکستان افغان قیادت میں طے پانے ہونے والے امن عمل کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
ان کاکہناتھا کہ ا فغانستان اور پاکستان میں ترقی اور خوشحالی خطے میں امن کے قیام کے ساتھ منسلک ہے،پاک افغان دوستی گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی نے دو طرفہ تعلقات اور ٹرانزٹ ٹریڈ میں حائل ٹیرف اور دیگر رکاوٹوں کو دور کرنے کےلئے اہم کام کیا ہے،کورونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران پاکستان نے اپنے افغان بھائیوں کےلئے سرحدیں کھلی رکھیں تھیں، افغان عوام، طلباخصوصا مریض ویزا پالیسی میں نرمی کی سہولیات سے مستفید ہونگے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ افغانستان اپنے جغرافیائی محل وقوع کے باعث وسطی ایشیا کےلئے ایک گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے،افغانستان وسطی ایشیا تک سی پیک کے فوائد کو پہنچانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے،
حزب وحدت اسلامی کے چیئرمین محمد کریم خلیلی نے افغانستان میں امن کے قیام کےلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔چیئرمین حزب اسلامی نے کہاکہ پوری افغان قوم افغان مہاجرین کی طویل مدتی مہمان نوازی پر پاکستان کا شکر گزار ہے، افغانستان میں دیرپا امن کے لئے تمام فریقوں کی شمولیت ضروری ہے، محمد کریم خلیلی نے کہاکہ سرحد کے دونوں اطراف کے لوگوں کے مابین قریبی روابط موجود ہیں،وحدت اسلامی کے چیئرمین محمد کریم خلیلی نے دونوں ممالک کی سیاسی قیادت اور عوام کو مزید قریب لانے میں سپیکر اسد قیصر کے کردار کو سراہا۔