(24 نیوز)امریکا نے یمن میں حکومت کیخلاف برسرپیکار حوثی باغیوں کو دہشت گرد گروپ قرار دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکا کی جانب سے حوثی باغیوں کو ٹرمپ کی صدارت کے آخری روز 19 جنوری کو بلیک لسٹ قراردیا جائے گا۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بیان میں کہا ہے کہ حوثی دہشت گردانہ، سرحد پار حملوں اور شہریوں کی ہلاکت میں ملوث ہیں جبکہ خطے کو غیرمستحکم کرنے کی کوششوں میں بھی شامل ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ نے حوثی باغیوں کے سربراہ عبدالمالک الحوثی سمیت 3 رہنمائوں کو دہشت گرد نامزد کیا ہے۔ حوثی باغیوں کو غیرملکی دہشت گرد گروپ قرار دینے کا اعلان آج ہی متوقع ہے۔
دوسری جانب حوثی باغیوں نے امریکا کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ جواب کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔اس فیصلے پر یمن کی حکومت نے خوشی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ حوثی باغی دہشت گرد قرار دینے کے ہی قابل ہیں۔
یاد رہے کہ یمن میں خانہ جنگی کا آغاز 2014 میں اس وقت ہوا جب حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعا پر قبضہ کرنے کا اعلان کیا۔یمن میں ہونے والی خانہ جنگی میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور اس تنازع کی وجہ سے لاکھوں افراد قحط سالی شکار ہو رہے ہیں۔