(24نیوز)سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایک منفرد شہر کو تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں گاڑیاں یا سڑکیں نہیں ہوں گی۔
تفصیلا ت کے مطا بق اس شہر کو دی لائن کا نام دیا گیا ہے جو کہ سعودی عرب کے 500 ارب ڈالرز کے اسمارٹ سٹی منصوبے نیوم (جس کا اعلان نومبر 2017 میں ہوا تھا) کا حصہ ہوگا۔اس نئے شہر کی تعمیر کا مقصد مستقبل کی آبادیوں کو ہائپر کنکٹ کرنا ہے۔سعودی ولی عہد کے مطابق دی لائن میں الٹرا ہائی اسپیڈ ٹرانزٹ سسٹم، خودکار ڈرائیونگ والی گاڑیاں اور ایسا شہری لے آئوٹ ہوگا جو بنیادی سہولیات جیسے اسکول اور طبی مراکز رہائشیوں تک پہنچائے گا۔ان سب مقامات پر کسی بھی جگہ سے 5 منٹ تک پیدل چل کر پہنچنا ممکن ہوگا اور کوئی بھی سفر 20 منٹ سے زیادہ طویل نہیں ہوگا۔اس شہر میں 10 لاکھ افراد رہائش پذیر ہوں گے جو 170 کلو میٹر رقبے پر پھیلا ہوگا اور ماحول دوست توانائی سے اس کی ضروریات پوری کی جائیں گی۔اعلان میں بتایا گیا کہ یہ شہر قدرت پر توجہ مرکوز کرے گا جس کی سطح پر پیڈسٹرین لیئر اور 2 اضافی لیئرز ہوں گی۔جہاں تک انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کی بات ہے تو وہ سطح کے نیچے ہوں گے۔حکام کے مطابق اس شہر میں اے آئی ٹیکنالوجی مانیٹرنگ کرے گی، جس کے لیے ڈیٹا اور ماڈلز کو استعمال کرکے روزمرہ کی زندگی کو بہتر بنانے کے ذرائع کا تعین کرے گی۔اس شہر کی تعمیر کا سلسلہ کچھ عرصے میں شروع ہوگا جس کے لیے 180 ارب سعودی ریال خرچ کیے جائیں گے جبکہ 3 لاکھ 80 ہزار ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔خیال رہے کہ اکتوبر 2017 میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بحیرہ احمر کے ساحلی علاقے میں 500 ارب ڈالرز کی لاگت سے نئے شہر کی تعمیر کا اعلان کیا تھا۔
گاڑیاں،سڑکیں غا ئب ،سعودی عرب میں انوکھا شہر بنے گا
Jan 11, 2021 | 22:11:PM