نواز شریف کو واپس لاﺅ۔۔حکومت کا شہباز شریف کےخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان 

Jan 11, 2022 | 19:37:PM

 (24نیوز)وفاقی حکومت نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خلاف لاہور ہائی کورٹ رجوع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ شہباز شریف کی شخصی ضمانت پر نواز شریف باہر گئے، نواز شریف کا باہر جانا مکمل فراڈ تھا، نواز شریف نے 17 ماہ سے علاج نہیں کرایا، نواز شریف کے باہر بھیجنے کے فراڈ کے ذمہ دار شہباز شریف ہیں۔
 وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعدپریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ پنجاب حکومت نے نواز شریف کی صحت کی رپورٹس مسترد کردیں، نواز شریف کے باہر بھیجنے کے فراڈ کے ذمہ دار شہباز شریف ہیں اور شہباز شریف کی لاہور ہائی کورٹ طلبی پر درخواست دی جائے گی۔انہوںنے کہاکہ نوازشریف کی فیملی سے پاکستانی ہائی کمیشن نے رابطہ کیا لیکن انہوں نے رپورٹس نہیں دیں، پاکستان ایمبیسی نے دو بار رابطہ کیا مگر انہوں نے جواب نہیں دیا، اب شہبازشریف اپنے بیان کے مطابق نوازشریف کو پاکستان لانے کے اقدامات کریں ۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ اٹارنی جنرل کو وفاقی کابینہ نے ہدایت کی ہے کہ لاہور ہوئی کورٹ میں شہباز شریف کوطلب کرکے انہیں حکم دیں کہ وہ اپنے بیان حلفی کے مطابق نواز شریف کو واپس لانے کے اقدامات کریں ورنہ پھر شہباز شریف کو نااہل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جعلی بیان حلفی دینا جرم اور آرٹیکل 63 کی خلاف ورزی ہے جس کے تحت شہباز شریف کو سزا ملنی چاہئے۔
فواد چودھری نے کہا کہ سانحہ مری میں تقریباً22افراد جان کی بازی ہار گئے، مری میں5گاڑیوں کے ساتھ واقعات پیش آئے، اموات گاڑیوں میں کاربن مونو آکسائیڈ بھرنے کی وجہ سے ہوئیں، وزیراعظم نے اس سانحے پر گہرے دکھ اور رنج وغم کا اظہار کیاہے۔وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ وزارت داخلہ کے مطابق ایک لاکھ64ہزار گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں، ہم نے 13نئے سیاحتی مقامات متعارف کرائے ہیں، ملک میں سیاحت کے بے پناہ مواقع ہیں، کالام،ناران،سوات اور دیگرمقامات پر سیاحوں کا رش ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔زرداری کے بعد نواز شریف کیلئے بھی اہم خبر۔۔۔ تاحیات نا اہلی کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر

مزیدخبریں