لاہور سمیت پنجاب میں بارش؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں، خطہ پوٹھوہار، کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور شمالی، مغربی بلوچستان میں آج بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو لاہور، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، لیہ، بھکر، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، قصور، ساہیوال اور اوکاڑہ میں بارش کی توقع ہے۔ مری، گلیات اور گردونواح میں درمیانی سے شدید برفباری، بارش کا امکان ہے۔
منگل کے روز لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 5 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور ہوا میں نمی کا تناسب 100 فیصد رہا۔ آج بدھ کو لاہور کا درجہ حرارت 4 سے 6 سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے ملک کے بیشتر حصوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کے مطابق کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کےلئے تیاری کے لئے اقدامات پر مبنی ایک تفصیلی ایڈوائزری جاری کی، جس میں صوبوں اور متعلقہ اداروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ مسافروں اور سیاحوں کیساتھ ساتھ موسمی خطرے کے علاقوں کی آبادیوں کو بڑے پیمانے پر آگاہی دینے اور باخبر رکھنے کے لئے مربوط اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان کے 13 اضلاع کے لئے الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے، پنجاب، خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں دھند کی شدت میں کمی متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کا سلسلہ 3 روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔