(ویب ڈیسک) دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 262 رنز کا ہدف دے دیا۔
نیشنل بینک کرکٹ ایرینا (نیشنل اسٹیڈیم) کراچی میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پہلے ہی اوور میں ایک مرتبہ پھر نسیم شاہ قومی ٹیم کو وکٹ دلوانے میں کامیاب رہے، اس مرتبہ انہوں نے فن ایلن کو ایک کے مجموعے پر کیچ آؤٹ کیا۔
اس کے بعد کیوی کپتان کین ولیمسن اور ڈیون کونوے کے درمیان 182 رنز کی شاندار پارٹنرشپ بنی۔ اس دوران کونوے نے اپنی سنچری بھی مکمل کی۔
خطرناک دکھائی دینے والی اس پارٹنرشپ کو نسیم شاہ نے ہی توڑا، جب 183 کے مجموعے پر نسیم نے کونوے کو خوبصورت انداز میں بولڈ کیا۔
اس کے بعد اسپنر محمد نواز نے اپنی جادوئی اسپن کا نشانہ بناتے ہوئے 4 کیوی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جن میں 83 رنز پر موجود کین ولیمسن بھی شامل تھے۔
ایک جانب جہاں وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا وہیں مچل سینٹنر نے 37 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کے ٹوٹل کو 261 تک پہنچایا۔
نیوزی لینڈ ٹیم میں ایک جبکہ قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
نیوزی لینڈ ٹیم میں کپتان کین ولیمسن، ڈیون کونوے، فن ایلن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم گلین فلپس، مائیکل برائسویل، مچل سینٹنر، اش سودھی، ٹم ساودی اور لوکی فرگیوسن شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ ٹیم میں ہینری شپلےکی جگہ اش سودھی کی واپسی ہوئی ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بولنگ کرتے، شروع میں پچ پر نمی ہےجس سے فائدہ اٹھانےکی کوشش کریں گے۔
بابر اعظم نے کہا کہ اسامہ میر کو موقع دیا انکی کارکردگی سےمطمئن ہیں۔
واضح رہے کہ نیوی لینڈ کی ٹیم دوسرا ون ڈے سابق کرکٹر بروس مرے کے سوگ میں بازوؤں پر سیاہ پٹی باندھ کر کھیل رہی ہے۔
سابق کرکٹر بروس مرے گزشتہ روز 82 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔
یاد رہے کہ سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے 6 وکٹ سے جیتا تھا جبکہ آخری میچ جمعہ کو کراچی میں ہی شیڈول ہے۔