(24 نیوز) لاہور میں غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے نام پر شہریوں کیساتھ ہونے والے فراڈ کا سلسلہ نہیں رک سکا۔
اسی سلسلے میں اسپیشل برانچ کی جانب سے لاہور کے علاقے باٹا پور میں کھیڑا پل سے ملحقہ 100 کنال پر مشتمل رفیع گارڈنز ہاؤسنگ اسکیم سے متعلق مفصل انکوائری رپورٹ کمشنر لاہور کو ارسال کردی گئی ہے جسے غیرقانونی قرار دیا گیا ہے۔
اس تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ڈپٹی ڈائیریکٹر ایل ڈی اے علی ریاض اور اسسٹنٹ آفیسر شفاعت علی کی ملی بھگت سے اس سوسائٹی میں پلاٹس کی خریدوفروخت کی گئی، چودھری نذیر اقبال نے 6 سال قبل رفیع گارڈنز کے نام پر ہاؤسنگ سوسائٹی بنائی اور اس سوسائٹی کو ایل ڈی اے سمیت کسی بھی ادارے سے رجسٹرڈ نہیں کروایا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: لاہور کی50 اہم شاہراہوں کی تعمیر و بحالی کا فیصلہ
انکوائری رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ موضع بھماں کے زرعی رقبے پر سوسائٹی بنائی گئی اور ابتک تیس سے پینتیس گھر بھی تعمیر کیے جاچکے ہیں، رفیع گارڈنز ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالکان نے ایل ڈی اے ایکٹ 1974ء کی صریحاً خلاف وزی کی ہے۔
رپورٹ میں سوسائٹی کے مالک چودھری نذراقبال، ڈپٹی ڈائیریکٹر ایل ڈی اے علی ریاض اور اسسٹنٹ آفیسر شفاعت علی کے خلاف قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔