ممنوعہ فنڈنگ کیس؛ پی ٹی آئی وکیل نے عدالت سے معذرت کرلی 

Jan 11, 2023 | 17:40:PM

(24 نیوز)ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن فیصلے کیخلاف درخواست پر پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے معذرت کرلی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق، جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل لارجر بینچ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت کی، پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور نے کہا الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو فارن ایڈڈ جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا ڈکلیئریشن غلط ہے، سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کا معاملہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ دیکھتا ہے، الیکشن کمیشن کی رپورٹ میں ہمیں ٹارگٹ کیا گیا ہے۔
 چیف جسٹس نے کہا الیکشن کمیشن نے اپنی رپورٹ میں کوئی ڈکلیئریشن تو دیا ہی نہیں، الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کہیں آرڈر، کہیں رپورٹ تو کہیں محض رائے کہا جارہا ہے،میری نظر میں یہ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ ہے۔
 الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ یہ صرف رپورٹ نہیں فیصلہ ہے، الیکشن کمیشن فیصلہ دیئے بغیر شوکاز نوٹس جاری نہیں کرسکتا تھا، بیرسٹر انور منصور نے کہا مسئلہ یہ ہے کہ الیکشن کمیشن نے آئی کے کو نوٹس ہی نہیں کیا، چیف جسٹس نے کہا آئی کے کا کیا مطلب ہے؟ انور منصور نے کہا میری مراد چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ہیں، چیف جسٹس نے کہا ہمارے لیے تو وہ درخواست گزارہی ہیں، انور منصور نے عمران خان کیلئے آئی کے کی اصطلاح استعمال کرنے پر معذرت کرلی۔

یہ بھی پڑھیں: ممنوعہ فنڈنگ کیس، پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن فیصلے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

مزیدخبریں